’او ہیلو میری بیوی ہے‘: حسن علی کا شاداب خان کو جواب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران حسن علی سے اپنے تعلق کے بارے میں ایک دلچسپ تبصرہ کیا، جس پر حسن خاموش نہ رہ سکے۔

حسن علی اور شاداب خان کا برومینس کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔  (تصویر: شاداب خان ٹوئٹر اکاؤنٹ)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان اور بولر حسن علی میدان میں اور میدان سے باہر ایک دوسرے کی کمپنی سے بھرپور لطف اٹھاتے ہیں اور ان کے درمیان برومینس (بھائیوں جیسا پیار) کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران شاداب نے حسن علی سے اپنے تعلق کے بارے میں ایک دلچسپ تبصرہ کیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔

گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے شاداب سے پوچھا کہ وہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں حسن علی کے بغیر پہلی بار کھیل رہے ہیں تو وہ کیسا محسوس کرتے ہیں؟ جس پر شاداب نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ کیا ان کی حسن علی کے ساتھ دوستی میاں بیوی کے رشتے میں بدل گئی ہے۔ اس جواب پر پورا ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔

بعد میں انہوں نے سنجیدگی سے کہا کہ حسن علی اور وہ کافی عرصے سے ایک ساتھ ٹیم میں کھیل رہے ہیں اور ان کے ہنس مکھ رویے سے ڈریسنگ روم کا ماحول کافی خوشگوار رہتا ہے، لہذا صرف وہی نہیں پوری ٹیم انہیں مِس کر رہی ہے۔

حسن علی کمر میں تکلیف کے باعث سری لنکا کے خلاف پاکستان میں ہونے والی محدود اوورز کی سیریز سے باہر ہیں۔

پریس کانفرنس کے بعد شاداب نے یہ ویڈیو حسن علی کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹویٹ کی اور لکھا: ’دیکھ حسن ہماری دوستی (کے چرچے) پریس کانفرنس میں بھی آ گئے ہیں۔ لیکن سنجیدہ بات یہ ہے کہ پوری ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے پُرجوش ہے۔ ہم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔‘

اس پر حسن علی کہاں چپ بیٹھنے والے تھے، انہوں نے بھی جھٹ جواب دیا: ’او ہیلو میری بیوی ہے۔۔۔ بہرحال شکریہ دوست، میں بھی آپ سب کو بہت مِس کر رہا ہوں۔‘

اس سے قبل سپورٹس اینکر زینب عباس نے بھی حسن علی اور شاداب خان کے برومینس پر ایک ویڈیو ٹویٹ کی تھی جس میں دونوں کھلاڑی ’یہ دوستی ہم نہیں چھوڑیں گے‘ گا رہے ہیں۔

 ماضی میں بھی شاداب نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں دونوں بولرز کو ڈریسنگ روم میں ایک دوسرے کے ساتھ مذاق کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ شاداب نے اس میں مشہور گانے ’یارو یہی دوستی ہے، قسمت سے جو ملی ہے‘ تحریر کیا تھا۔

یہ پہلی بار نہیں تھا جب کسی کھلاڑی نے پریس کانفرنس میں مزاحیہ بات کی ہو۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سری لنکا کے خلاف پہلا ون ڈے میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مشہورِ زمانہ بیان کی نقل اتارتے ہوئے مذاقاً کہا تھا کہ ’جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے‘۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل