سعودی عرب میں آج 94واں قومی دن یعنی ’یوم الوطنی‘ منایا جا رہا ہے جس کے لیے چھوٹے بڑے تمام شہروں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے اور مملکت اور دیگر ممالک میں جشن اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقعے پر پاکستان کی جانب سے نیک خواہشات اور خیر سگالی کا پیغام دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق دارالحکومت ریاض میں قومی دن کو بھرپور انداز سے منانے کے لیے شہر بھر کی تمام اہم شاہراؤں سمیت شہر کو پرچموں سے سجایا گیا ہے جس سے شہر بھر میں پرچموں کی بہارہے جب کہ عوام یوم الوطنی کو منانے کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (جی ای اے) 94ویں قومی دن کو منانے کے لیے مملکت سعودی عرب بھر میں آتش بازی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ملک کے مختلف علاقوں میں بیک وقت آتش بازی کی گئی۔
ریاض میں ام عجلان پارک میں رات 9 بجے سے سات منٹ تک آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
جدہ، بریدہ، تبوک، مدینہ، ابھا، حائل، عرعر، نجران، الباحہ، الجوف اور جازان سمیت دیگر شہروں میں بھی جشن منانے کے لیے مخصوص مقامات پر آتش بازی کی گئی۔
اس دوران پیر کو رائل گارڈ پریذیڈنسی نے جدہ میں 94ویں قومی دن کی تقریب کا اہتمام کیا۔ رائل گارڈ گروپ کے کمانڈر میجر جنرل سلیمان بن فہد الحدیلی اس موقع پر موجود تھے۔
جشن میں قومی دھنوں کی پرفارمنس، ایک موٹر سائیکل پریڈ، گارڈ آف آنر شو کے علاوہ اور دیگر سرگرمیاں شامل تھیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سرکاری تقریب کا آغاز شاہی ترانے سے ہوا، اس کے بعد قرآن پاک کی آیات کی تلاوت کی گئی، پھر دار الطربیہ الحدیثہ سکول کے بچوں نے پرفارمنس دی اور پھر سعودی عرب کے بارے میں ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی۔
تقریب میں استقبالیہ کلمات، نظمیں اور قومی دھنیں بھی پیش کی گئیں۔ اس جشن میں حاضرین تہوار کے ماحول سے لطف اندوز ہوئے جو قومی اتحاد کی اقدار کو فروغ دینے کے لیے یہاں جمع ہوئے۔
یوم الوطنی کے حوالے سے اتوار کی شام ینبع میں ایک سائیکل پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں 130 سائیکل سواروں نے 94ویں قومی دن کی خوشی میں قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔
اس تقریب میں ینبع کے گورنر سعد بن مرزوق السحیمی، سرکاری حکام اور متعدد شائقین نے شرکت کی۔
سعودی قیادت کو بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ، اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی، عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے یوم الاوطنی پر مبارکباد دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کو تہنیتی پیغام روانہ کیا ہے۔
اپنے پیغام میں سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تاریخی تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کے لیے مزید ترقی و کامرانی کی امید ظاہر کی ہے۔
پاکستان کی مبارکباد
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کو اس کے 94ویں ’یوم الوطنی‘ یعنی قومی دن کے موقعے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
پیر کو جاری کیے جانےوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب 21ویں صدی کے عظیم ملک کی حیثیت سےابھرا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کا ویژن 2030 دنیا بھر کے لیے مثالی نمونہ ہے۔ ’آج کے دور میں سعودی عرب کاروبار، ٹیکنالوجی، معیشت اور دیگر شعبوں میں ترقی پزیر ممالک کی مثالی قیادت کر رہا ہے۔‘
وزیر اعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دینی اور ثقافتی اقدار پر مبنی تاریخی تعلقات ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کے وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد پیش کی۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ’میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی عرب کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام دیتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات دوستی، محبت اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے اور دونوں برادر ممالک کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اتری ہے۔