پاکستانی سفارت خانے کا سعودی عرب کے قومی دن پر عربی زبان میں پیغام

سعودی یوم الوطنی پر عربی میں تیار کی گئی ویڈیو میں دونوں ممالک کے مشترکہ وژن کو بھی اجاگر کیا گیا، جو دہائیوں پر محیط تجارتی، دفاعی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون پر مبنی ہیں۔

سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے نے مملکت کے 94ویں قومی دن کے موقعے پر سعودی قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے عربی زبان میں ایک خصوصی ویڈیو ریکارڈ کی۔

اس ویڈیو میں پاکستانی سفارت خانے نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا جو باہمی احترام، مشترکہ ثقافتی اقدار اور مختلف شعبوں میں تعاون پر مبنی ہیں۔

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، احمد فاروق نے اس موقع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: ’آج کے اس یادگار دن پر ہم نہ صرف مملکت کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قائم مضبوط اور اٹوٹ رشتے کی بھی قدر کرتے ہیں۔ ہم سعودی قیادت اور عوام کے لیے مزید امن، خوشحالی اور ترقی کی دعا کرتے ہیں۔‘

ویڈیو میں دونوں ممالک کے مشترکہ وژن کو بھی اجاگر کیا گیا، جو دہائیوں پر محیط تجارتی، دفاعی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون پر مبنی ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کو اس کے 94ویں ’یوم الوطنی‘ یعنی قومی دن کے موقعے پر مبارکباد پیش کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پیر کو وزیر اعظم کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب 21ویں صدی کے عظیم ملک کی حیثیت سےابھرا ہے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کا ویژن 2030 دنیا بھر کے لیے مثالی نمونہ ہے۔ ’آج کے دور میں سعودی عرب کاروبار، ٹیکنالوجی، معیشت اور دیگر شعبوں میں ترقی پزیر ممالک کی مثالی قیادت کر رہا ہے۔‘

وزیر اعظم پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دینی اور ثقافتی اقدار پر مبنی تاریخی تعلقات ہیں۔

پاکستان کے وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد پیش کی۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ’میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی عرب کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام دیتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات  دوستی، محبت اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے اور دونوں برادر ممالک کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اتری ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا