سندھ میں مقبول کنول کی ڈوڈی، جس کے بیج غذائیت سے بھرپور

کنول کی فصل تیار ہونے سے قبل اس میں جو گلابی اور سفید پھول کھلتا ہے، اس کے پتے جھڑنے کے بعد بچے ہوئے حصے کو ڈوڈی کہا جاتا ہے۔

مون سون کے موسم میں پاکستان کے مختلف علاقوں خصوصاً صوبہ سندھ میں کنول کے پھول نکلنے کے بعد اس کی ڈوڈی کی کٹائی جاری ہے۔

ضلع سکھر کے علاقے سانگی کے کاشت کار ایاز علی کے مطابق سندھ میں بیھ نامی سبزی بہت پسند کی جاتی ہے، جو دراصل کنول کے پودے کی جڑ ہوتی ہے۔

فصل تیار ہونے سے قبل اس میں جو گلابی اور سفید پھول کھلتا ہے، اس کے پتے جھڑنے کے بعد بچے ہوئے حصے کو ڈوڈی کہا جاتا ہے۔

مقامی افراد اسے بہت شوق سے کھاتے ہیں اور ان کے بیج مونگ پھلی کی طرح چھیل کر کھائے جاتے ہیں۔

ایاز علی نے بتایا کہ عموماً یہ فصل دو طرح سے کاشت ہوتی ہے۔ ایک جو تازہ پانی یا بڑے تالابوں میں میں کاشت ہوتی ہے، اس سے صرف ڈوڈیاں ہی باآسانی حاصل کی جاتی ہیں کیونکہ ان کی جڑوں کو کھودنے کے لیے پانی کو خشک کرنا ہوتا ہے۔ دوسرا یہ کہ بیشتر علاقوں میں مصنوعی تالاب میں اس کے بیج ڈال کر فصل تیار کی جاتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ ہول سیل مارکیٹ میں ڈوڈی پانچ روپے فی عدد کے حساب سے فروخت کی جاتی ہے، جس کے بعد یہ دیگر منڈیوں اور شہروں میں فروخت کے لیے بھجوائی جاتی ہیں۔

’ہر ڈوڈی میں 15 سے 25 تک بیج ہوتے ہیں، جو لوگ بہت شوق سے کھاتے ہیں۔ یہ صرف ایک ماہ کے لیے دستیاب ہوتی ہیں۔‘

ایاز علی کے مطابق اس ڈوڈی کو توڑنے کے لیے علی الصبح کام شروع کرنا ہوتا ہے تاکہ دوپہر سے پہلے کام ختم کیا جائے۔ فصل میں تین سے چار فٹ تک پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے حبس کے باعث دن میں کام ممکن نہیں رہتا۔  

فوڈ سائنٹسٹ ڈاکٹر عدنان خالق نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پاکستان میں بہت سی قدرتی نباتات بہت سستی اور فوائد سے بھرپور ہیں۔

’کنول کی ڈوڈی پاکستان میں سندھ اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں کاشت کی جاتی ہے جبکہ انڈیا میں بھی اسے بہت شوق سے استعمال کیا جاتا ہے۔ چین میں نئے سال کے موقعے پر اس سے خصوصی ڈشز تیار کی جاتی ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا: ’کنول کے بیج میں وٹامن ڈی اور سی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ اس میں بعض ایسے ضروری قدری وٹامنز ہیں جو عام افراد خصوصاً حاملہ خواتین میں خون کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بہت مفید ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان