کارتھک آریان کی بھول بھلیاں تھری کا بےچینی سے انتظار کیوں؟

دو سال پہلے آنے والی بھول بھلیاں ٹو کی بہترین کمائی کا اندازہ یوں لگائیں کہ وہ اس سال کاروبار کی دوڑ میں چوتھی بہترین فلم قرار پائی تھی۔

ہندوستانی اداکار کارتک آریان 16 اگست 2024 کو میلبورن کے پیلس تھیٹر میں میلبورن ایوارڈز نائٹ کے دوران ریڈ کارپٹ پر میڈیا سے بات کر رہے ہیں (ولیم ویسٹ / اے ایف پی)

یہ کوئی سوا پانچ منٹ کا منظر تھا۔ ایک جلا بھنا نوجوان عاشق پردہ سیمیں پر جلوہ افروز ہوتا ہے جو محبوبہ کی فرمائشوں اور اس کے نخروں سے اس قدر تنگ آ چکا تھا کہ دوست کو دل کا حال بیان کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔ یہ عاشق کارتھک آریان تھے اور فلم 2011 میں نمائش کے لیے لگنے والی ’پیار کا پنج نامہ‘ تھی۔

اس مختصر سے منظر میں کارتھک آریان نے دل جلے اور ستائے ہوئے عاشقوں کے دکھڑوں کو اس چلبلے انداز میں بیان کیا کہ فلم سے زیادہ یہ منظر خاصا مشہور ہوا۔ نوجوان کارتھک آریان کی یہ پہلی فلم تھی اور اسی منظر کی وجہ سے انہیں غیر معمولی شہرت بھی ملی۔

انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کا نیا نیا دور تھا جبھی یہ کلپ ہر ایک نے شیئر کیا اور بس پھر کیا تھا، کارتھک آریان کی دھوم مچ گئی۔ اندازہ لگائیں کہ اس مختصر سے کلپ کو یوٹیوب پر اب تک 13 ملین صارفین دیکھ چکے ہیں اور یہ تعداد مکمل فلم سے کہیں زیادہ ہے۔

کارتھک آریان کی فطرت سے قریب اداکاری کا چرچا ہوا تو فلم سازوں کی بھی نگاہیں ان پر گئیں اور یوں وہ راتوں رات ان کی ڈیمانڈ بڑھ گئی۔ پھر تو جیسے انہوں نے پلٹ کر نہیں دیکھا۔

سارہ علی خان کا کرش

پہلی فلم پیار کا پنج نامہ کے بعد کارتھک آریان نے آکاش وانی، کانچی، پیار کا پنج نامہ ٹو، سلوٹ، گیسٹ ان لندن اور سونو کی ٹیٹو کی سویٹی جیسی فلموں میں کام کر کے خبروں اور فلمی تقریبات کی زینت بنتے رہے۔ کارتھک آریان کی خوش قسمتی یہ بھی رہی کہ جہاں ان کی اداکاری کمال کی رہی وہیں یہ دور ایسا تھا جب رنویر سنگھ، رنبیر کپور، شاہد کپور اور آیوشمان کھرانہ جیسے اداکاروں کی موجودگی میں وہ تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو رہے تھے۔

یہی وجہ ہے کہ لڑکیاں تو ان کے ہر انداز اور فلموں پر مر مٹنے کو تیار تھیں۔ انہی میں چھوٹے نواب کی بیٹی سارہ علی خان بھی تھیں جنہوں نے 2018 میں فلم نگری میں قدم رکھا تو ہر انٹرویو میں ان کے لبوں پر بس کارتھک آریان کا چرچا ہوتا۔

سارہ علی خان نے یہاں تک کہنا شروع کر دیا کہ وہ کارتھک آریان سے پہلی نگاہ کی محبت کا شکار ہو چکی ہیں اور خواہش ہے کہ ان کے ساتھ کسی فلم میں ہیروئن بھی بنیں۔ سارہ علی خان کی کارتھک آریان کو لے کر غیر معمولی تشہیر کا ہی اثر تھا کہ ہدایتکار امتیاز علی نے دونوں کو فلم ’لو آج کل‘ میں پیش کر دیا۔ فلم نے زبردست کمائی کی اور اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ سارہ علی خان کے مقابل کارتھک آریان کو ہیرو بنتا دیکھنے کے لیے فلم بین بار بار سینیما گھروں میں آئے۔

’سستے اکشے کمار‘ کی سہولت

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ کارتھک آریان بہت سے فلم سازوں کے لیے سستے اکشے کمار ہیں۔ وہ اس لیے کہ ایک تو کارتھک آریان کی مشابہت اکشے کمار جیسی ہے، دوسرے وہ اداکاری اور انداز میں اکشے کمار کی کاپی کر رہے ہوتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کے مکالمات بولنے کا انداز بھی اکشے کمار سے متاثر ہے۔

اب وہ فلم ساز جو اکشے کمار کی تاریخوں کی عدم دستیابی یا پھر ان کے بھاری بھرکم سو سے ڈیڑھ سو کروڑ روپے کے معاوضے کی وجہ سے اپنی تخلیق میں شامل نہیں کر پاتے تو ان کی پہلی ترجیح کارتھک آریان ہی ہوتے ہیں۔

اس کی مثال 2022 میں نمائش پذیر ہونے والی مزاحیہ فلم ’بھول بھلیاں 2‘ رہی جس میں اکشے کمار نے کام کرنے کے لیے معذرت کی تو یہ فلم کارتھک آریان کی جھولی میں آ گری۔ اب کارتھک آریان نے ایسی جم کر اداکاری کی کہ اس کے اگلے سیکوئل سے بھی اکشے کمار کی چھٹی ہو گئی۔

یہاں یہ بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ مشہور زمانہ کامیڈی فلم ہیرا پھیری کے سیکوئل میں اکشے کمار کی جگہ ابتدا میں کارتھک آریان کو منتخب کر لیا گیا تھا، لیکن اکشے کمار نے مستقبل کے خطرات کے پیش نظر اچانک ہی اپنے فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اس تخلیق کا حصہ ضرور بنیں گے، یوں اس سیکوئل سے کارتھک آریان محروم ہو گئے۔

معاوضہ 70 ہزار سے 40 کروڑ روپے تک

ماڈلنگ کی دنیا سے اداکاری کے میدان میں آنے والے کارتھک آریان نے پیار کا پنج نامہ میں کام کرنے کے لیے صرف 70 ہزار روپے معاوضہ وصول کیا تھا جس میں سے سات ہزار روپے تو ٹیکس اور دیگر مد میں کاٹ لیے گئے لیکن اس فلم کے بعد کارتھک آریان کا کیریئر ایک نئی بلندی پر پہنچا تو ابتدا میں انہوں نے ایک کروڑ روپے معاوضہ وصول کرنا شروع کر دیا۔ اس وقت وہ کسی بھی فلم میں کام کرنے کے لیے 40 کروڑ روپے تک معاوضہ لیتے ہیں۔

کارتھک آریان اب تک تمام نوخیز اداکاراؤں کے ساتھ اداکاری کے جلوے لٹا چکے ہیں، ان میں نصرت بروچہ، سارہ علی خان، کریتی سینن، اننیا پانڈے اور کیارا ایڈوانی شامل ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اکشے کمار کی طرح دراز قد ہونے کی بنا پر کارتھک آریان کی جوڑی ہر اداکارہ کے ساتھ فٹ رہتی ہے۔

ابھی تک انہوں نے زیادہ تر رومانٹک اور مزاحیہ کردار نبھائے ہیں لیکن فلم بین انہیں بہت جلد ’چندو چمپئن‘ میں دیکھ کر چونک جائیں گے جس میں کارتھک آریان باکسر کے روپ میں جلوہ گر ہو رہے ہیں جو ایکشن اور مار دھاڑ سے بھرپور ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہی نہیں، فلم اینیمل سے شہرت پانے والی ترپتی دیمری کے ساتھ جہاں وہ فلم بھول بھلیاں تھری میں آ رہے ہیں وہیں ایک اور فلم میں یہ جوڑی پھر ساتھ ساتھ ہو گی۔ اس وقت فلموں کی ہی نہیں، کمرشلز کی بھی کارتھک آریان پر برسات ہو رہی ہے۔ وہ کسی بھی مصنوع کے برانڈ ایمبیسڈر بننے کے لیے تین سے پانچ کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔

کارتھک آریان کی بھول بھلیاں تھری پھر کامیاب ہو گی؟

بہت جلد کارتھک آریان کی فلم بھول بھلیاں تھری سنیما گھروں کی زینت بننے والی ہے۔ اس کے دوسرے حصے کو کارتھک آریان کی وجہ سے خاصا سراہا گیا۔ دو سال پہلے آنے والی بھول بھلیاں ٹو کی بہترین کمائی کا اندازہ یوں لگائیں کہ وہ اس سال کاروبار کی دوڑ میں چوتھی بہترین فلم قرار پائی تھی۔

اس بار فلم میں ہیوی سٹار کاسٹ ہے، ان میں ودیا بالن کی منجولیکا بن کر پھر واپسی ہو رہی ہے جبکہ مادھوری ڈکشٹ، وجے راز اور ترپتی دیمری بھی موجود ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس مرتبہ بھی یہ سیریز باکس آفس پر دھماکہ کر دے گی۔

سیکوئل کی مقبولیت اور پسندیدگی کا اندازہ یوں لگائیں کہ حال ہی میں جب اس تخلیق کا ٹیزر پیش کیا گیا تو اب تک صرف چار دن میں 40 ملین یوزر اس کا نظارہ کر چکے ہیں جو اس جانب اشارہ ہے کہ بھول بھلیاں تھری اس بار چونکا دینے والا کاروبار کر سکتی ہے۔

یہ تجزیہ اس لیے بھی کیا جا رہا ہے کہ حال ہی میں ’استری ٹو‘ نے اگلے پچھلے تمام تر ریکارڈز کو پاش پاش کر دیا ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ اب ہارر کامیڈی فلموں کی کامیابی کا رحجان پروان چڑھ رہا ہے، تو ایسے میں اسی نوعیت کی ’بھول بھلیاں تھری‘ تہلکہ خیز ثابت ہو گی۔

بہرحال کارتھک آریان کو اس کا یہی فائدہ ہو گا کہ وہ معاوضے اور فلموں کی دوڑ میں مزید آگے آ کھڑے ہوں گے۔

نوٹ: تحریر لکھاری کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، انڈپینڈنٹ اردو کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ