’ بڑا بزنس مین اور جینٹل مین:‘ نازیہ اور زوہیب حسن کی رتن ٹاٹا سے یادگار ملاقات

زوہیب نے لکھا کہ رتن ٹاٹا کون تھے؟ اس بارے میں ممبئی کے تاج ہوٹل میں البم کی لانچنگ پارٹی میں معلوم ہوا، اس سے پہلے ہمیں کچھ بھی معلوم نہیں تھا کہ یہ عظیم انسان کون ہیں؟

نامعلوم تاریخ کی اس تصویر میں انڈین بزنس مین رتن ٹاٹا نازیہ حسن اور زوہیب حسن سے ملاقات کرتے ہوئے(زوہیب حسن فیس بک)

پاکستان کی معروف پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی گلوکار زوہیب حسن نے انڈین ارب پتی اور ٹاٹا سنز کے چیئرمین امیریٹس رتن ٹاٹا کی موت پر ان سے جڑی ماضی کی کچھ یادوں کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ رتن ٹاٹا سے ان کی پہلی ملاقات کب اور کس طرح ہوئی اور اس نے ان کی زندگیوں پر کتنا اثر ڈالا۔

زوہیب حسن نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک طویل پوسٹ میں لکھا کہ  ایک دن ان کی والدہ نے نازیہ حسن کو فون دیتے ہوئے کہا کہ ’نازیہ اور زوہیب تمہیں مسٹر رتن کے نام سے کسی شخص کا ٹیلی فون آیا ہے۔‘

نازیہ سے فون پر بات کرتے ہوئے دوسری طرف موجود شخص نے کہا کہ’ میرا نام رتن ہے اور میں سی بی ایس انڈیا کے نام سے ایک میوزک کمپنی شروع کر رہا ہوں۔ میں چاہوں گا کہ اگر ممکن ہو تو آپ اور زوہیب ہمارے لیے ایک البم ریکارڈ کریں۔

’کیا میں آکر آپ دونوں سے مل سکتا ہوں؟‘

جس کے بعد نازیہ نے پرجوش طریقے سے اپنی والدہ سے پوچھا کہ کیا مسٹر رتن ہمارے ساتھ میوزک پروجیکٹ پر بات کرنے آ سکتے ہیں؟

 جس پر ان کی والدہ نے انہیں جمعے کو آنے کا کہا اور نازیہ نے بھی یہی پیغام آگے پہنچا دیا۔

زوہیب نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ جمعے کو ایک دراز قد، اچھا لباس پہنے، سوٹ میں ملبوس ایک شخص ہماری رہائش گاہ پر پہنچا۔ اس کے چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ تھی اور وہ انتہائی نرم لہجے والا انسان تھا۔

انہوں نے کہا کہ بات کرتے ہوئے وہ ایک مخلص انسان لگ رہے تھے، لیکن ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ کون ہیں اور نہ ہی انہوں نے اپنا تعرف کرایا۔

 انہوں نے صرف اتنا کہا کہ ’اگر آپ لوگ راضی ہیں تو اس پر کام کرتے ہیں۔ اور اس بات کو یقینی بنائیں گے جو معاہدہ ہو اسے آپ کا وکیل اور والدین ضرور دیکھیں اور اگر آپ اس میں کسی چیز سے متفق نہ ہوں تو مجھ سے براہ راست بات کریں۔‘

زوہیب حسن نے لکھا کہ اس کے بعد جو بھی ہوا تاریخ کا حصہ بن گیا، اور ہم نے ’ینگ ترنگ‘ البم تیار کی، جو ممکنہ طور پر پہلی میوزک ویڈیوز تھیں جو انڈیا اور ساوتھ ایشیا نے دیکھیں۔

یہ وہ وقت تھا جب امریکہ میں ایم ٹی وی لانچ ہوا تھا۔ اس کے بعد انہیں ایم ٹی وی کی جانب سے مدعو کر کے کہا گیا کہ ہم نے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا ہے اور کیا آپ نے انگریزی میں بھی کچھ کیا ہے؟

زوہیب نے آگے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اس کے بعد انڈین ٹیلی ویژن ’دور درشن‘ نے وہ  میوزک ویڈیوز نشر کیں تو اس نے ’ڈسکو دیوانے‘ البم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

زوہیب نے لکھا کہ رتن ٹاٹا کون ہے؟ اس بارے میں ممبئی کے تاج ہوٹل میں البم کی لانچنگ پارٹی میں معلوم ہوا، اس سے پہلے ہمیں کچھ بھی معلوم نہیں تھا کہ یہ عظیم انسان کون ہے؟

انہوں نے مزید بتایا کہ البم لانچ ہونے کے بعد رتن ٹاٹا نے مجھے اور نازیہ کو اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا۔

ہمارا خیال تھا کہ وہ شاید کسی محل میں رہتے ہوں گے، لیکن جب ہم وہاں پہنچے تو ہم حیران رہ گئے کہ انڈیا کا سب سے طاقتور صنعت کار ایسے سادہ گھر میں رہتا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 ایک چھوٹا دو بیڈ کا فلیٹ جو بہت کم سجا ہوا تھا۔ ہم نے ان کی بہن اور ان ایک ملازم سے ملاقات کی جس سے وہ بہت پیار کرتے تھے۔

یہ ایک عظیم آدمی کے ساتھ ایک سادہ سا ڈنر تھا جسے میں کبھی نہیں بھول سکتا۔

زوہیب نے کہا کہ اس کے بعد ان کی لندن میں کئی بار مسٹر رتن ٹاٹا سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے نازیہ اور ان کے والدین کے بارے میں پوچھا۔

اپنی پوسٹ کے اختتام میں زوہیب نے لکھا کہ ’مسٹر ٹاٹا اس بات کا زندہ ثبوت تھے کہ کوئی اتنا بڑا بزنس مین ہونے کے ساتھ ایک جینٹلمین بھی ہو سکتا ہے۔‘

انڈیا کے ارب پتی اور ٹاٹا سنز کے چیئرمین امیریٹس رتن ٹاٹا بدھ (نو اکتوبر) کو علالت کے بعد 86 برس کی عمر میں چل بسے۔

سابق چیئرمین ٹاٹا سنز اور انڈیا کے ’کاروباری ستون‘ رتن ٹاٹا ممبئی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ انتہائی نگہداشت میں تھے۔

رتن ٹاٹا نے تقریباً 20 سال تک ٹاٹا گروپ کی قیادت کی۔ انہوں نے نہ صرف انڈیا میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ٹاٹا گروپ کو بے پناہ ترقی دی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی