میڈیا سے دور رہ کر نفسیات میں ڈگری، ہارورڈ سے سرٹیفکیٹ لیے: وینا ملک

2014 میں میڈیا سے عارضی دوری اختیار کرنے والی وینا ملک کہتی ہیں کہ اس دوران انہوں نے بہت سی چیزیں کیں جو ان کے لیے کارآمد رہیں۔

وینا ملک نے کہا کہ اب وہ اپنا زیادہ وقت بچوں اور والدین کو دیتی ہیں(انڈپینڈنٹ اردو)

وینا ملک کا شمار پاکستان کے ان فن کاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے سنجیدہ اور مزاحیہ اداکاری دونوں میں اپنا نام کمایا۔

دس سال قبل وینا ملک نے میڈیا سے عارضی وقفہ لینے کا اعلان کیا اور 2023 تک تھوڑا بہت کام کیا۔ اب 2024 میں انہوں نے سیاحت سے متعلق ایک ٹی وی پروگرام کے ذریعے میڈیا میں واپس قدم رکھا۔

انڈپینڈنٹ اردو نے وینا ملک کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ میڈیا سے دوری کے دوران ان کی کیا مصروفیات رہیں، مستقبل میں وہ کیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور آج کل سوشل میڈیا پر ان سے جڑے زیر بحث شہریار چوہدری کون ہیں۔

انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وینا کی بائیو میں تبدیلی سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ شہریار چوہدری کون ہیں جن کا ذکر وینا نے انسٹاگرام پر کیا تو انہوں نے بتایا کہ ’وہ ایسے انسان ہیں جنہوں نے مجھے زندگی کا ایک الگ اور مثبت رخ دکھایا۔

’وہ بہت مصروف ہوتے ہیں مگر صرف میری وجہ سے سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔ جو چیز مجھے شہریار میں سب سے زیادہ بھائی وہ یہ کہ انہوں نے قرآن حفظ کر رکھا ہے۔

’ان کی لکھائی بھی بہت خوبصورت ہے، آواز بہت سریلی ہے اور گانا بہت اچھا گاتے ہیں۔‘

وینا نے شہریار کی تصویر دکھا کر، انڈپینڈنٹ سے اسے منظر عام پر نہ لانے پر اصرار کرتے ہوئے کہا: ’ہم دونوں ایک ساتھ بہت خوبصورت لگتے ہیں۔ انہی کی وجہ سے اب میں بولی وڈ کے گانے بھی بہت سنتی ہوں۔‘

وینا نے میڈیا سے عارضی وقفہ لینے کے متعلق بتایا کہ ’میں منظر عام سے ہٹ گئی تھی لیکن اس دوران میں نے بہت سی چیزیں کیں جو میرے لیے بہت کارآمد رہیں۔

’میں نے اس بریک کے دوران اپنی ساری توجہ تعلیم حاصل کرنے پر مرکوز کیے رکھی۔

’دراصل میری ساری فیملی مجھ سے زیادہ پڑھی لکھی ہے، یہ چیز ہمیشہ سے میرے ذہن میں تھی کہ جب مجھے موقع ملا تو میں اپنی تعلیم مکمل کروں گی۔

’جب میرے بچے سکول جانا شروع ہوئے اور میں انہیں سکول لینے اور چھوڑنے جاتی تھی تو سوچا کہ یہ سکول جاتے ہیں تو میں کیوں نہیں مگر کسی تعلیمی ادارے میں جا کر پڑھنا میرے لیے بہت مشکل تھا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’میڈیا سے بریک کے دوران میں نے نفسیات میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی اور ماسٹرز کے امتحانات دیے جس کا نتیجہ ابھی نہیں آیا۔

’اس کے ساتھ ہی ہارورڈ میڈیکل سکول سے ذہنی صحت کے حوالے سے کچھ سرٹیفیکیشنز مکمل کی ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’جب میں نے شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کی شروعات کی تو میری تمام تر توجہ صرف اپنے کام کی جانب مرکوز تھی۔

’پہلے ترجیحات میں صرف کیریئر تھا مگر اب اور بھی ترجیحات ہیں، سو کوئی بھی پراجیکٹ لینے سے پہلے دیگر عوامل کو بھی دیکھنا ہوتا ہے۔‘

اس سوال کے جواب میں کہ بچوں کو چکا چوند سے دور کیوں رکھتی ہیں، وینا کا کہنا تھا کہ ’میرے بچے ابھی بہت چھوٹے ہیں اور عمر کے جس نازک دور میں وہ ہیں، کچھ لائکس کی خاطر انہیں سوشل میڈیا پر لا کر ان کی ذہنی صحت خراب نہیں کرنا چاہتی۔

’میں نہیں چاہتی کہ وہ سوشل میڈیا پر خود کو دیکھیں جہاں انہیں بہت سے لائکس مل رہے ہوں اور کہیں کہ لوگ ہم سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں اور پھر وہ ریلز ہی بناتے رہیں۔‘

سیاست کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: مجھے سیاست میں بالکل دلچسپی نہیں مگر میں ملکی اور بین الاقوامی سیاست سے مکمل طور پر باخبر رہتی ہوں، اس پر بات اس لیے نہیں کرتی کہ اب تو پورا پاکستان ہی سیاست پر بات کر رہا ہے تو میں کیوں کروں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں سے انسٹاگرام وہ خود چلاتی ہیں مگر ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ ان کی ٹیم چلایا کرتی تھی کیونکہ میں اردو لکھنے میں بہت زیادہ مہارت نہیں رکھتی۔

سوشل میڈیا پر ٹرولنگ سے بچنے کے لیے کیا کرنا چاہیے؟ اس پر ان کا کہنا تھا: ’آن لائن نفرت پھیلانے والے عام طور پر کم عمر ہوتے ہیں اور آپ نہیں جانتے کہ منفی کمنٹ کرنے والا کسی ذہنی بیماری کا شکار تو نہیں، کیونکہ کوئی ذہنی طور پر صحت مند انسان تو کسی کو گالی نہیں دیتا۔

’اس کے علاوہ پیسوں کے عوض بھی کئی لوگ منفی پروپیگنڈا کر رہے ہوتے ہیں سو میں ان چیزوں پر توجہ نہیں دیتی۔‘

وینا ملک نے عوام کو خاص طور پر نوجوانوں کو قرآن پڑھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنی زندگی کا سب سے اچھا کام یہ سمجھتی ہوں کہ میں نے قرآن پاک کو مکمل ترجمے اور تفسیر کے ساتھ سمجھ کر پڑھا ہے جس سے میری زندگی بدل گئی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن