انڈین ریاست کیرالہ میں مندر کے باہر آتش بازی کے مظاہرے کے دوران دھماکے میں تقریباً 150 افراد جھلس گئے جنہیں ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ زخمیوں میں آٹھ افراد کی حالت نازک بنائی جاتی ہے۔
ریاستی پولیس نے دھماکے کے بعد دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ انڈین اخباروں کی ویب سائٹس پر موجود ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ پیر کی شام جنوبی ریاست کیرالہ کے علاقے نیل شوارم میں ایک مندر کے ارد گرد سینکڑوں لوگ آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے جمع تھے۔
اس دوران ایک عمارت کے اندر سے پٹاخوں کی آوازیں سنائی دینے لگیں جس کے بعد اچانک آگ کا بڑا شعلہ آسمان کی جانب بلند ہوتا دکھائی دیا۔
مقامی پولیس چیف شلپا دیاوایہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’تقریباً آٹھ افراد کی حالت نازک ہے اور تقریباً 154 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 97 ہسپتال میں داخل ہیں۔‘
دیاوایہ نے کہا: ’انہوں نے اس مقام کے بہت قریب آتش بازی کا مظاہرہ کیا جہاں پٹاخے ذخیرہ کیے گئے تھے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ پھٹنے والے پٹاخوں کی چنگاریاں ذخیرے تک پہنچ گئیں۔
حکام کا حوالہ دیتے ہوئے انڈین میڈیا نے رپورٹ کیا کہ آگ کی لپیٹ میں آنے والے افراد کے چہرے اور ہاتھ جھلس گئے جو ساتھ ساتھ کھڑے تھے۔
مقامی سرکاری افسر کے انباسیکھر نے بتایا کہ اس آتش بازی کے مظاہرے کے لیے کوئی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
اخبار دی ہندو کے مطابق مندر کے صدر اور سیکریٹری کو حراست میں لے لیا گیا۔ انڈیا میں مذہبی اجتماعات میں حفاظتی انتظامات میں خامیوں اور بڑی تعداد میں جمع ہونے والے کی دیکھ بھال کے ناقص انتظام کی وجہ سے جاں لیوا واقعات کی ایک افسوس ناک تاریخ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
2016 میں ہندوؤں کے نئے سال کے موقعے پر مندر میں ممنوعہ آتش بازی کے مظاہرے کے دوران زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 112 افراد جان سے گئے تھے۔
انڈیا اس ہفتے کے آخر میں ہندو تہوار دیوالی کے روایتی جشن کی تیاری کر رہا ہے۔ تہوار کے موقعے پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔
یہ بھرپور اور رنگا رنگ تہوار ہندو دیوی لکشمی سے منسوب اور روشنی کی تاریکی پر فتح کی علامت ہے۔
آتش بازی سے نکلنے والا دھواں بھی زہریلا ہوتا ہے، جو گھٹن کا سبب بنتا ہے۔ انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی نے مضر صحت فضائی آلودگی کو روکنے کے لیے آتش بازی پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پولیس اکثر اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہے کیونکہ ہندو عقیدت مندوں کے آتش بازی کے ساتھ مضبوط مذہبی جذبات جڑے ہوتے ہیں۔