چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ اب کال اور وٹس ایپ پر گفتگو ممکن

واٹس ایپ صارفین اپنی فون بک میں +1 1800 242 8478 نمبر شامل کرکے چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ چیٹ کرسکتے ہیں جبکہ امریکہ میں لوگ اے آئی بوٹ کے ساتھ آواز میں گفتگو کرنے کے لیے اس نمبر پر کال کرسکتے ہیں۔

اوسلو میں 12 جولائی، 2023 کی اس السٹریشن تصویر میں ایک سمارٹ فون کی سکرین پر مختلف مصنوعی ذہانت کی ایپس نظر آ رہی ہیں (اے ایف پی)

اوپن اے آئی نے اپنے مقبول ترین چیٹ بوٹ کی عوام تک دستیابی کو بڑھاتے ہوئے چیٹ جی پی ٹی کو اب وٹس ایپ کے ذریعے سوالات لینے کی صلاحیت فراہم کر دی ہے۔

اس لانچ کے ذریعے دنیا بھر میں وٹس ایپ کے 2.7 ارب صارفین میں سے کسی کو  بھی اے آئی ٹول کے ساتھ چیٹ کرنے کی سہولت ملے گی جبکہ امریکہ میں لوگ اے آئی اسسٹنٹ کے ساتھ آواز میں بات چیت کرنے کے لیے ٹول فری فون نمبر 1-800-چیٹ جی پی ٹی پر کال بھی کرسکتے ہیں۔

یہ مصنوعی ذہانت تک رسائی کو وسیع کرنے کے اوپن اے آئی کے منصوبے کا حصہ ہے، جس میں فرم کو امید ہے کہ نئے صارفین چیٹ جی پی ٹی کی طرف راغب ہوں گے۔

اوپن اے آئی کی پروڈکٹ مینیجر انٹونیا ووڈفورڈ نے کہا کہ ’ہم اس بات کا بہت خیال رکھتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے رکاوٹوں کو کم کرتے رہیں تاکہ وہ مصنوعی ذہانت کو آزما سکیں اور دیکھ سکیں کہ یہ ان کے لیے کیا کر سکتی ہے۔

’ہم واقعی پرجوش ہیں کہ ہم چیٹ جی پی ٹی کو آپ تک دو معروف چینلز کے ذریعے لا رہے ہیں: کالنگ اور واٹس ایپ۔‘

واٹس ایپ صارفین اپنی فون بک میں +1 1800 242 8478 نمبر شامل کرکے چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ چیٹ کرسکتے ہیں جبکہ امریکہ میں لوگ اے آئی بوٹ کے ساتھ آواز میں گفتگو کرنے کے لیے اس نمبر پر کال کرسکتے ہیں۔

یہ فون سروس فی الحال صرف امریکہ میں صارفین کے لیے دستیاب ہے، جس میں کوئی بھی امریکی نمبر سے ماہانہ 15 منٹ مفت میں کال کرنے کی سہولت ہے۔

وٹس ایپ پر موجود چیٹ جی پی ٹی کے لیے صارفین کو اوپن اے آئی اکاؤنٹ میں لاگ ان کرنے کی ضرورت نہیں، تاہم یہ صرف تحریری انداز میں بات چیت کرتا ہے اور اس کی معلومات ستمبر 2021 تک محدود ہیں۔

چیٹ جی پی ٹی کو وٹس ایپ پر گروپ چیٹس میں بھی شامل نہیں کیا جا سکتا اور اوپن اے آئی نے متنبہ کیا ہے کہ کوئی بھی نامناسب استعمال جس میں اس کی سروس کی شرائط کی خلاف ورزی ہوئی تو اس کے نتیجے میں صارفین کو بلاک کر دیا جائے گا۔

ایک ترجمان نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا، ’یہ چیٹ جی پی ٹی سے بات کرنے کا ایک تجرباتی طریقہ ہے، لہذا دستیابی اور حدود تبدیل ہوسکتی ہیں۔‘

مزید بہتر تجربے کے لیے، جس میں زیادہ ٹولز، زیادہ صلاحیتوں، زیادہ پرسنلائزیشن کے ساتھ مکمل تجربے کے لیے موجودہ صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کے ذریعے براہِ راست ChatGPT کا استعمال جاری رکھیں۔

اس اقدام سے چیٹ جی پی ٹی براہ راست وٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا کی اپنی مصنوعی ذہانت میٹا اے آئی کے خلاف کھڑا ہو گیا ہے، جسے وہ ٹیکنالوجی کمپنی اپنی ایپس کے مجموعے میں متعارف کرا رہی ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی