گوادر سے مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز 10 جنوری سے

وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ گوادر ائیر پورٹ اے-380 (A-380) طیاروں کو ہینڈل کر سکتا ہے جبکہ ائیرپورٹ سے 40 لاکھ مسافر سالانہ سفر کر سکیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گوادر ایئرپورٹ سے متعلق اجلاس 30 دسمبر 2024 کو اسلام آباد میں ہوا (حکومت پاکستان)

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پیر کو نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ گوادر سے مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز 10 جنوری سے ہو جائے گا۔

نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق اجلاس پیر کو وزیر اعظم کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ،  وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری و مواصلات عبدالعلیم خان بذریعہ وڈیو لنک شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد ایوان وزیر اعظم سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گوادر سے مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز آئندہ سال 10 جنوری سے ہو جائے گا۔

پاکستان کی وزارت ایوی ایشن اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے افتتاح کے حوالے سے اعلان کیا تھا کہ یکم جنوری 2025 کو ہوائی اڈے کا افتتاح کر دیا جائے گا، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

جبکہ اس سے قبل رواں سال اکتوبر میں چینی وزیر اعظم لی چیانگ کے دورہ پاکستان کے موقع پر نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں انہیں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ ’نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ گوادر ائیر پورٹ  اے-380 (A-380) طیاروں کو ہینڈل کر سکتا ہے جبکہ ائیرپورٹ سے 40 لاکھ مسافر سالانہ سفر کر سکیں گے۔

بیان کے مطابق پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ایرو ڈروم سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کسٹمز نے بھی اسے نوٹیفائی کر دیا ہے۔

اس حوالے سے ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی، ائیر پورٹ سکیوریٹی فورس، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت بارڈر ہیلتھ سروس کا عملہ بھی تعینات کیا جا چکا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بریفنگ کے دوران وزیر اعظم کا آگاہ کیا گیا ہے کہ گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے لیے پاکستان کی نجی ائیر لائینز، چین، عمان اور متحدہ عرب امارات کی ائیر لائینز سے بات چیت جاری ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ چین - پاکستان عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیر پورٹ کی تعمیر پر ہم عظیم دوست چین کے مشکور ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو ایک مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کے حوالےسے قابل عمل حکمت عملی ترتیب دی جائے جبکہ ائیر پورٹ اور ملک خصوصاً صوبہ بلوچستان کے دیگر علاقوں کے درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنایا جائے۔

گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سہولیات

وزیر اعظم شہباز شریف کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائینز کی کراچی اور گوادر کے لیے موجودہ فلائیٹ آپریشن کے دورانیے کو جلد ہی ہفتے میں تین بار کیا جائے گا۔

ایوان وزیر اعظم کے مطابق ائیر پورٹ پر کولڈ سٹوریج، وئیر ہاؤسز، کورئیر سروسز کی سہولیات، کارگو شیڈز، تکنیکی گراؤنڈ سپورٹ آلات، فیول فارمز، ہوٹلوں اور شاپنگ مالز کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے۔

’ایئرپورٹ پر بینک برانچز کے قیام اور اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے رجسٹرڈ تمام بینکوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔‘
 

اس کے علاوہ گوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے بذریعہ سڑک رابطہ بہتر بنانے کے حوالے سے ایسٹ - بے (East-Bay) ایکسپریس وے کا پہلا حصہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے حصے کی فیزیبیلٹی تیار کی جا رہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان