ہالی وڈ سٹار اور ماڈل ڈکوٹا جانسن نے ایک پوڈ کاسٹ کا آغاز کیا جس میں جنسی حملے اور ہراسانی کا نشانہ بننے والی خواتین کی کہانیاں شیئر کی جائیں گی۔
جانسن نے پیر کو انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنی نئے پوڈکاسٹ کا لوگو دکھانے سمیت اس کا نام بھی بتایا ہے۔ انہوں نے اپنے پوڈکاسٹ کا نام ’دا لیفٹ ایئر‘ (بایاں کان) رکھا ہے۔
ہالی وڈ فلم ’دا ففٹی شیڈز آف گرے‘ کی ہیروئن نے انسٹا گرام پوسٹ میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک سال پہلے انہوں نے دنیا بھر کی خواتین اور لڑکیوں سے کہا کہ وہ اس فون نمبر(جو انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر کیا) پر کال کریں اور وائس میل چھوڑ دیں جس میں ’ان کی جنسی تشدد، ہراسانی اور صنفی عدم مساوات کی کہانیاں بیان کی گئی ہوں۔‘
29 سالہ اداکارہ کو جو وائس میلز موصول ہوئیں انہوں نے انہیں پوڈکاسٹ کی شکل دے دی ہے۔ ان وائس میلز کو صرف اتنا ایڈٹ کیا گیا ہے کہ متاثرہ خواتین کی شناخت کو خفیہ رکھنے کے لیے ان کی آواز تبدیل کر دی گئی ہے۔
جانسن نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا: ’میں ان کی جانب سے بات نہیں کرنا چاہتی تھی۔ میں ان کی بات سننا چاہتی تھی۔‘
انہوں نے کہا: ’خواتین کی شناخت کو چھپانے کے لیے ان کی آوازوں میں معمولی تبدیلی کر دی گئی ہے۔ ایسی کوئی بھی نشانی ہٹا دی گئی ہے جس سے کسی خاتون کو شناخت کیا جا سکتا ہو۔ اس کے علاوہ وائس میلزکو ایڈٹ نہیں کیا گیا۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’دنیا بھر کے حقیقی لوگوں کی یہ حقیقی کہانیاں ہیں۔‘
جانسن نے وضاحت کی ہے کہ پوڈکاسٹ پر ان کہانیوں کو سننا ’بہت تکلیف دہ‘ ہو سکتا ہے اس لیے سننے والے ’اپنا خیال رکھیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا: ’اس پوڈ کاسٹ کے ذریعے میں ایسی جگہ مختص کرنا چاہتی ہوں جہاں سننے والے اتنی ہی دیانتداری اور حوصلے کا مظاہرہ کریں جتنا حوصلہ کال کر کے انہیں سنانے والی خواتین نے کیا۔‘
اداکارہ ڈکوٹا جانسن نے پوڈکاسٹ کے نام کے پیچھے کارفرما سوچ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دل کے قریب ہوتا ہے ’اور اپنے دل سے سن کر آپ کسی کو بچا سکتے ہیں چاہے تھوڑا بہت ہی سہی۔‘
’دا لیفٹ ایئر‘ کی پہلی قسط اب سنی جا سکتی ہے جبکہ باقی اقساط سات اکتوبر سے ہر پیر کو جاری کی جائیں گی۔
متعدد انسٹا گرام صارفین نے پوڈ کاسٹ بنانے کے اداکارہ کے عمل کو سراہا ہے۔
جنسی ہراسانی کے خلاف تحریک ’ٹائم از اپ‘ کی پرجوش حامی اداکارہ نتالی پورٹ مین نے اپنے تبصرے میں لکھا: ’مجھے یہ اچھا لگا ڈکوٹا۔ آپ کا شکریہ!‘
جانسن کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پراس وقت صرف دو پوسٹیں دکھائی دیتی ہیں جن میں سے ایک کے ذریعے اداکارہ نے ایک سال پہلے اپنا فون نمبر دیا تھا جبکہ دوسری تازہ پوسٹ میں پوڈکاسٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس سے پہلے رواں سال کے دوران برطانوی اداکارہ ایما واٹسن نے دفاتر میں جنسی ہراسانی کا سامنا کرنے والی خواتین کے لیے مفت قانونی مشاورت کی ہیلپ لائن کے قیام میں مدد کی تھی۔
یہ ہیلپ لائن جنسی ہراسانی کے خلاف تحریک ٹائم از اپ کے انصاف اور مساوات فنڈ کے معاونت سے قائم کی گئی تھی۔
اس فنڈ کا انتظام ’روزا‘ کے پاس ہے جو رفاہی تنظیم ہے جو برطانیہ میں لڑکیوں اور خواتین کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں معاونت کرتی ہے۔
© The Independent