لاہور: قذافی سٹیڈیم کی تعمیر، 10 دن کی ڈیڈ لائن، کام اختتامی مراحل میں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انتظامیہ کے مطابق سٹیڈیم میں تمام انکلیو نئے بنائے گئے ہیں جہاں بیٹھے کی گنجائش 24 ہزار سے بڑھا کر 35 ہزار کر دی گئی ہے۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے تحت چیمپیئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے لیے سٹیڈیمز کی تعمیر کی 10 دن کی ڈیڈ لائن ختم ہونے والی ہے اور تعمیراتی کام بھی اختتامی مراحل میں ہے۔

پاکستان کرکٹ چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کر رہا ہے جو 22 فروری 2025 سے شروع ہوگی جبکہ قذافی سٹیڈیم میں میچ 25 فروری سے شروع ہوں گے۔

لاہور کے اس تاریخی سٹیڈیم کا تعمیراتی کام تو مکمل ہوچکا ہے لیکن فنشنگ کا کام آخری مراحل میں ہے۔

چند ماہ قبل شروع ہونے والی اس عمارت کو دن رات کام کر کے ساڑھے سات ارب روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انتظامیہ کے مطابق سٹیڈیم میں تمام انکلیو نئے بنائے گئے ہیں جہاں بیٹھے کی گنجائش 24 ہزار سے بڑھا کر 35 ہزار کر دی گئی ہے۔

تمام کرسیاں نئی لگائی جارہی ہیں، سٹیڈیم میں دو الیکٹرک سکرینیں اور چھ پولینز پر نئی ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جا رہی ہیں۔

پی سی بی ہیڈ کوارٹر کے دفاتر اور پویلین کی ایک ساتھ دو عمارتیں بنا کر آپس میں لنکس دے کر جوڑا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد عقیل نے انڈپیںڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’قذافی سٹیڈیم لاہور عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے لیکن اسے دنیا کے ٹاپ سٹیڈیمز میں شمار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ انڈیا اور آسٹریلیا کے سٹیڈیمز بہت بڑے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔ کئی ممالک نے تو چھت بھی بنائی ہوئی ہے۔ 35 ہزار شائقین کی گنجائش فی الحال تو کافی ہے لیکن آئندہ سالوں میں یہ گنجائش کم پڑ سکتی ہے۔ سٹیڈیم میں گنجائش بڑھانے کی اب امید نہیں کی جاسکتی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’تعمیراتی کام تو بہترین معیار کا ہوا ہے لیکن نشستیں زیادہ معیاری دکھائی نہیں دیتیں۔ پلاسٹک سے بنی یہ کرسیاں شائقین کے جوش و خروش میں ہلے غلے کے دوران ٹوٹ سکتی ہیں۔ یہ بات بھی ٹھیک ہے کہ جلد مکمل کرنے کی وجہ سے اب جو فنشنگ کا کام ہے وہ زیادہ تسلی بخش نہیں۔ البتہ بہتری کا کام ہوتا رہے گا اب ایونٹ کرانا ضروری ہے۔‘

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیم بھی پچھلے ہفتے سٹیڈیم کی تیاری کا جائزہ رپورٹ بنا کر واپس جا چکی ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گذشتہ ہفتے میڈیا سے گفتگو کے دوران دعوی کیا کہ اس سٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے میچز 25 فروری سے شروع ہوں گے جبکہ 12 فروری تک پریکٹس شروع ہوجائے گی۔

لہذا ’ہم نے 25 جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے اس لیے دو تین دن میں نئی عمارت کا افتتاح کیا جائے گا۔ دن رات کام جاری ہے تعمیر مکمل ہوچکی اب صرف فنشنگ ہو رہی ہے۔ پویلین اور دیگر ضروری چیزیں ترجیحی بنیادوں پر تیار ہو رہی ہیں۔ ہم نے بڑے ایونٹ کی بڑی تیاریاں کر رکھی ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ