چیمپیئنز ٹرافی: بنگلہ دیش اور افغانستان نے سکواڈ کا اعلان کر دیا

بنگلہ دیش کو اپنے سٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی جبکہ افغان سکواڈ میں گذشتہ سال انجری کا شکار ہونے والے ابراہیم زدران کی واپسی ہوئی ہے۔

بنگلہ دیش کے بلے باز نجم الحسین شانتو 7 اکتوبر 2023 کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کے دوران افغانستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

پاکستان میں آئندہ ماہ سے کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بنگلہ دیش اور پہلی مرتبہ اس ٹورنامنٹ کا حصہ بننے والے افغانستان نے سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔

بنگلہ دیش کو اپنے سٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی جبکہ افغان سکواڈ میں گذشتہ سال انجری کا شکار ہونے والے ابراہیم زدران کی واپسی ہوئی ہے۔

37 سالہ شکیب الحسن کے سکواڈ کا حصہ نہ ہونے کی وجہ ان کی بولنگ پر پابندی ہے جو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام مقابلوں پر ہے۔

آئی سی سی کے مطابق یہ معطلی گذشتہ ماہ چنئی میں واقع سری راماچندر سینٹر فار سپورٹس سائنس میں کی گئی آزاد جائزہ کاری کے نتائج کی بنیاد پر عائد کی گئی ہے۔

شکیب الحسن بطور بلے باز کھیل سکتے ہیں تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے انہیں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کے علاوہ بنگلہ دیش سکواڈ میں اوپنر تمیم اقبال کو بھی شامل نہیں ہیں جو گذشتہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے۔ انہوں نے حال ہی میں انٹرنشینل کرکٹ سے کچھ وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

بنگلہ دیش آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان، انڈیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ گروپ اے میں موجود ہے۔

بنگلہ دیش سکواڈ: نجم الحسین شانتو (کپتان)، سومیہ سرکار، تنزید حسن، توحید حریدوئے، مشفیق الرحیم، محمد محمود اللہ، ذاکر علی انیک، مہدی حسن میراز، رشاد حسین، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، پرویز حسین ایمون، نسیم احمد، تنزیم حسن ثاقب، ناہد رانا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اتوار کو سکواڈ کا اعلان کرنے والا دوسرا ملک افغانستان ہے جو 2023 کے ورلڈ کپ اور گذشتہ سال ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کے ساتھ اس ٹورنامنٹ میں اترنے والا ہے۔

انڈیا، امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے عالمی مقابلوں میں اپنی بیٹنگ اور بولنگ سے سب کو حیران کرنے والی افغان ٹیم اس مرتبہ بھی راشد خان، محمد نبی، فضل حق فاروقی جیسے بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

بیٹنگ میں ابراہیم زدران کی واپسی اور رحمان اللہ گرباز کی موجودگی سے اوپننگ مضبوط ہوئی ہے جبکہ بعد میں آنے والے بلے بازوں میں رحمت شاہ، کپتان حشمت اللہ شاہدی شامل ہیں۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں افغانستان کا گروپ کافی مشکل دکھائی دے رہا ہے لیکن پاکستانی پچز اور دستیاب بولرز کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ افغانستان اس مرتبہ بھی سب حیران کرے گا۔

افغانستان سکواڈ:  حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، ابراہیم زدران، رحمان اللہ گرباز، صدیق اللہ اتل، رحمت شاہ، اکرام علی خیل، گل بدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، راشد خان، اللہ محمد غضنفر، نور احمد، فضل حق فاروقی، فرید ملک، نوید زدران۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں افغانستان ٹیم کا مقابلہ گروپ بی میں موجود آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سے ہو گا۔ جبکہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے سیاست دانوں کی جانب سے افغانستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ اور انگلینڈ بھی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنے اپنے سکواڈ کا اعلان کر چکے ہیں۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں میچ سے ہو رہا ہے جبکہ انڈیا اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ