بالی وڈ سٹار سیف علی خان چاقو کے وار سے زخمی، ہسپتال میں علاج جاری

سیف علی خان کو فوری طور پر ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی سرجری جاری تھی۔ رپورٹس کے مطابق ان کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے قریب گہرے زخم آئے ہیں۔

بالی وڈ اداکار سیف علی خان 18 اگست 2024 کو ممبئی میں انڈیا کے اہم ٹینس بال کرکٹ ٹورنامنٹ سیزن کے آغاز کے موقع پر ایک تقریب میں شریک ہیں (سوجیت جیسوال / اے ایف پی)

بالی وڈ اداکار سیف علی خان ممبئی میں اپنے گھر پر حملے میں زخمی ہو گئے، جب ایک شخص مبینہ طور پر ان کے گھر میں زبردستی گھس آیا اور ان پر چاقو سے حملہ کیا۔

یہ واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً 2:30 بجے پیش آیا، جب 54 سالہ اداکار اپنی اہلیہ، بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان (44 سال) اور بیٹوں تیمور (سات سال) اور جہانگیر (3 سال) کے ساتھ سو رہے تھے۔ انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق، کرینہ اور بچے محفوظ رہے۔

خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ممبئی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ایک نامعلوم شخص رات گئے اداکار سیف علی خان کی رہائش گاہ میں داخل ہوا اور ان کی ملازمہ سے بحث کی۔ جب اداکار نے معاملہ سلجھانے کی کوشش کی تو اس شخص نے ان پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔‘

اداکار کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’سیف علی خان کی رہائش گاہ پر چوری کی کوشش کی گئی۔ وہ اس وقت ہسپتال میں سرجری کروا رہے ہیں۔ ہم میڈیا اور مداحوں سے صبر کی درخواست کرتے ہیں۔ یہ ایک پولیس کا معاملہ ہے، اور ہم آپ کو صورت حال سے آگاہ رکھیں گے۔‘

سیف علی خان کو فوری طور پر ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی سرجری جاری تھی۔ رپورٹس کے مطابق ان کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے قریب گہرے زخم آئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہندوستان ٹائمز کے مطابق، لیلاوتی ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر نیرج اُتمانی نے کہا: ’سیف پر ان کے گھر میں ایک نامعلوم شخص نے حملہ کیا۔ انہیں صبح 3:30 بجے لیلاوتی لایا گیا۔ ان کے چھ زخم ہیں، جن میں سے دو گہرے ہیں۔ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ہے۔ ہم ان کی سرجری کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ نیوروسرجن نیتن ڈانگے، کاسمیٹک سرجن لینا جین اور اینستھیٹسٹ نشا گاندھی ان کی سرجری کر رہے ہیں۔ ’ہم سرجری کے بعد ہی زخموں کی نوعیت کے بارے میں بتا سکیں گے۔‘

انڈین ایکسپریس کے مطابق، ہسپتال کے ایک ذریعے نے بتایا کہ اداکار کی سرجری ہو گئی ہے اور وہ ریکوری روم میں ہیں۔‘

انڈین نیوز رپورٹس کے مطابق، پولیس نے حملہ آور کو پکڑنے کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور باندرہ پولیس سٹیشن میں ابتدائی معلوماتی رپورٹ (مقدمہ) درج کر لی ہے، جو کسی بھی قابل گرفت جرم پر پولیس کارروائی کا پہلا قدم ہوتا ہے۔

این ڈی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ سیف علی خان کے گھر میں کام کرنے والے تین ملازمین سے تفتیش کی جا رہی ہے، جن میں سے ایک حملے کے دوران زخمی ہوا۔

کرکٹر منصور علی خان پٹودی اور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے بیٹے، سیف علی خان پٹودی کی سابق شاہی ریاست کے نواب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے 1993 میں ہندی ایکشن ڈرامہ پرَمپرہ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور 60 سے زائد فلموں میں کام کیا، جن میں اومکارا (2006)، جس میں ولیم شیکسپیئر کے مشہور ڈرامے اوتھیلو کو ہندی زبان میں پیش کیا گیا ہے۔

انہیں کئی ایوارڈز مل چکے ہیں، جن میں 2004 میں فلم’ ہم تم‘ میں شاندار کارکردگی پر قومی فلم ایوارڈ اور 2010 میں بھارت کے چوتھے بڑے سول اعزاز پدم شری شامل ہیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا