بالی وڈ کے مداح تیار ہو جائیں کیونکہ 2025 میں شاندار، بڑے بجٹ اور ملٹی سٹار کاسٹ فلموں کی لائن اپ سنیما سکرین پر چھائیں گی۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ سال ناقابل فراموش تفریح سے بھرا ہوگا۔
اس سال کی فلموں میں ہر کسی کے لیے کچھ نہ کچھ خاص ہے۔ رواں برس سلور سکرین ستاروں سے بھری کاسٹ، انقلابی کہانیاں اور ایکشن ایڈونچر سے جھرمٹ پر مبنی ہیں۔
یہ سال بھارتی سنیما کے لیے بڑا سال ثابت ہونے والا ہے جہاں بالی وڈ اور جنوبی انڈیا کی فلمیں دونوں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کریں گی۔
حالیہ برسوں میں جنوبی انڈیا کی فلموں کا غلبہ رہا ہے لیکن بالی وڈ 2025 میں بڑی واپسی کے لیے تیار ہے کیونکہ رواں سال زبردست اور متوقع ہٹ فلموں کی بہار آنے والی ہے۔
اس سال کی فلموں پر ایک طائرانہ نگاہ ڈالی جائے تو آپ انہیں مختلف موضوعات میں تقسیم کر سکتے ہیں۔
ماردھاڑ، ایکشن اور ایڈونچر فلموں کی دوڑ
اس سال ایک کے بعد ایک ایسی فلمیں سنیما گھروں میں سجیں گی جن میں نہ ختم ہونے والا ایکشن ہے۔ عمومی رائے یہ بھی ہے کہ جنوبی انڈیا کے مقابلے میں بالی وڈ اپنی بقا کی جنگ لڑنے کے لیے اب ایکشن اور وہ بھی بین الاقوامی معیار کا، پیش کرنے کی جدوجہد کر رہا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ رواں سال ماردھاڑ، ایکشن اورایڈونچر فلموں پر فلم سازوں اور ہدایت کاروں کی توجہ خاص رہی ہے۔
اس خیال کو اور زیادہ تقویت فلم ’اینیمل‘ کی کامیابی کے بعد ملی ہے۔ اداکار سونو سود نے اسی بنا پر فلم ’فتح‘ بنانے کا تہیہ کیا جو اس سال نمائش پذیر ہوگی۔
سونالی سود جہاں اس تخلیق میں اداکاری کر رہے ہیں وہیں بطور ہدایت کار ان کی یہ پہلی کاوش بھی ہے۔
کہانی گاؤں کی ایک دوشیزہ کی ہے جو سائبر کرائم کا شکار ہوتی ہے تو انصاف کے حصول اور ایکشن کی جنگ کا آغاز ہوتا ہے۔
مووی میں جیکولین فریننڈس، نصیرالدین شاہ اور وجے راز بھی شامل ہیں۔ سونو سود کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے کیمرے کے پیچھے کھڑے ہو کر فلم ’فتح‘ میں ایکشن کچھ نئے زاویے سے عکس بند کیا جو ایڈیٹنگ ٹیبل پر جدید ترین اینی میشن کی وجہ سے اور زیادہ متاثر کن نظرآئیں گے۔
کچھ ایسا ہی خیال اجے دیوگن کا بھی نئی فلم ’آزاد‘ کے بارے میں ہے جس میں وہ مرکزی کردار میں تو نہیں لیکن فلم کی کہانی آگے بڑھانے کے لیے ایکشن ایسا ہے جو فلم بینوں کو نشستوں پر جمائے رکھے گا۔
اکشے کمار کی ’سکائی فورس‘ بھی اسی فہرست میں آتی ہے۔ اس مووی میں زمین کے بجائے آسمان پر ایکشن ہوگا۔ فلم میں انڈین فضائیہ کے خود ساختہ فرضی کارنامے دکھائے جانے والے ہیں۔
شاہد کپور جن کے لیے 2024 اس قدر یادگار نہیں رہا۔ انہیں توقع ہے کہ نئے سال کے موقع پر ان کی فلم ’دیوا‘ کھڑکی توڑ کامیابی حاصل کر کے رہے گی۔
یہ فلم بھی ایکشن سے بھری ہے جس میں شاہد کپور پولیس افسر کے روپ میں ہیں۔
فلم میں شاہد کپور کے علاوہ پوجا ہیج اور پاؤیل گولاٹی شامل ہیں۔
سنی دیول کا نام اگر کسی فلم کے ساتھ جڑ جاتا ہے تو خودبخود احساس ہو جاتا ہے کہ اس میں رومانس تو دور دور نہیں ہوگا بس ہر دوسرے منظر میں ایک اکلوتا ہیرو، درجن بھر غنڈوں پر قیامت بن کر ٹوٹے گا۔
کچھ ایسا ہی سنی دیول کی اس سال نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلم ’جاٹ‘ میں دیکھنے کو ملے گا جس میں آپ سنی دیول کو وہ وہ کمالات کرتے دیکھیں گے جو حقیقی زندگی میں تو ممکن ہی نہیں اور ساتھ ہی اب تک پردے پر ہیروز بھی ذرا کم ہی کرتے ہیں۔
ایک اور ایکشن کا تحفہ عالیہ بھٹ کی جانب سے فلم ’الفا‘ کے ذریعے ملے گا۔
تاریخی کرداروں اور واقعات پر مبنی فلمیں
مختلف ہدایت کاروں نے رواں برس اس بات کی کوشش کی ہے کہ ماضی کے کسی واقعے یا کردار کو موضوع بنا کر فلمیں بنائی جائیں۔ ان میں کچھ تخلیقات میں مبالغہ آرائی اور حقائق کو مسخ کیے جانے کا الزام لگ رہا ہے۔
جیسے فلم ’ایمرجنسی‘ کو ہی لے لیں جس کی نمائش گذشتہ سال ہونی تھی لیکن مختلف تنازعات اور مقدمات میں الجھنے کے باعث اب یہ اس سال آ رہی ہے۔
یہ کنگنا رناوت کی بطور ڈائریکٹر پہلی آزمائش ہے جس میں وہ آنجہانی انڈین سابق وزیراعظم اندررا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
یہ فلم 1975 میں انڈیا میں لگنے والی ایمرجنسی کے پس منظر میں تیار کی گئی ہے۔ اس فلم کے متعلق انڈین حزب اختلاف جماعت کانگریس کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی ایما پر ’ایمرجنسی‘ کو تیار کیا گیا جس میں ان کی جماعت کو ہدف بنایا گیا۔
الزام تو یہ بھی ہے کہ کنگنا رناوت نے مودی جی کی خوشنودگی حاصل کرنے کے لیے جان بوجھ کر اس متنازعے موضوع میں ان وجوہات کو مسخ کیا جن کی بنا پر اندرا گاندھی نے ایمرجنسی لگائی تھی۔
ایک اور فلم ’لاہور 1947‘ بھی ہے۔
ہدایت کار راج کمار سنوشتی کی اس فلم میں سنی دیول، عامر خان کے علاوہ پریتی زینتا شامل ہیں جیسا کہ نام سے اور پھر سنی دیول کی موجودگی سے ظاہر ہو رہا ہے۔
یہ فلم تقسیم ہند کے گرد گھومتی ہے اور قوی امکان ہے کہ کسی من گھڑت واقعے کو توڑ مروڑ کر اپنے مقاصد کے تحت پیش کیا جائے گا جس کا ہدف پاکستان کے خلاف ہی ہوگا۔
دوسری جانب وکی کوشال کو بھی امید ہے کہ ان کی اس سال ’چھاوا‘ پرستاروں کو بار بار سنیما گھروں میں لائے گی۔
اس تخلیق میں بھی ایکشن ایڈونچر ڈراما ہے جبکہ یہ انڈیا کے مہاراجوں کے گرد گھومتی ہے۔ جس میں چترپتی سمبھاجی مہاراجہ کی کہانی کو پیش کیا گیا ہے اور یقینی طور پر وکی کوشال ہی اس مرکزی کردار میں ہیں جبکہ ان کے ساتھ راشمیکا مدھنا اور اکشے کھنہ شامل ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ اس فلم کے لیے وکی کوشال نے اپنی جسامت پر خاصی محنت کی اور کسی پہلوان کی طرح نظر آئیں گے۔
اور ایک بار پھر سیکوئلز کا طوفان
سال 2018 میں نمائش پذیر ہونے والی فلم ’ریڈ‘ کا سیکوئل ’ریڈ 2‘ اسی برس آئے گا جس میں ایک بار پھر وائٹ کالر کرائم کی تحقیق کی جائے گی۔
وانی کپور اور رتیش دیش مکھ کو اس تخلیق کے لیے کاسٹ کر لیا گیا ہے۔ مووی میں ارباز خان اور رجت کپور بھی شامل ہیں جبکہ ایک مرتبہ پھر اجے دیوگن پولیس آفیسر کا کردار ادا کریں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہنسی اور طنز و مزاح سے بھری فلم ’ہاؤس فل‘ کا پانچواں حصہ بھی اس سال آ رہا ہے جس میں ستاروں کی ایک بڑی کہکشاں شامل ہے۔ ان میں اکشے کمار، رتیش دیش مکھ، ابھیشک بچن، فردین خان، سونم باجوہ، نرگس فخری، سنجے دت، جیکی شیروف، نانا پاٹیکر اور جیکولین فریننڈس نمایاں ستارے ہیں۔
ٹائیگر شیروف کی ’باغی‘ کے چوتھے حصے کو بھی رواں سال جاری کیا جا رہا ہے۔ ’دھڑک 2‘ کا اس لیے بھی فلم بین انتظار کریں گے کیونکہ اس میں ایک بار پھر ترپتی دیمری نظر آئیں گی۔
گذشتہ سال خوبصورت اور پرکشش اداکارہ کی تین فلمیں بھول بھلیاں 3، بیڈ نیوز اور وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو سنیما گھروں میں آئی تھیں لیکن صرف ’بھول بھلیاں 3‘ ہی بہتر کاروبار کر سکی۔
ہریتک روشن کی 2019 میں نمائش پذیر ہونے والی فلم ’وار‘ کے سیکوئل کا بھی اسی سال نظارہ ہو پائے گا جس میں ایک مرتبہ پھر ٹائیگر شیروف، ہریتک روشن کے ساتھ ہوں گے۔
’وار 2‘ بھی ایکشن اور ماردھاڑ سے آراستہ ہے۔ اجے دیوگن کی ہی ایک اور فلم ’دے دے پیار دے‘ کا سیکوئل بھی اسی سال سنیما گھروں تک پہنچے گا، جس میں ان کے ساتھ راکول پریت سنگھ اور آر مدھوان شامل ہیں۔
خانز کی فلمیں
بالی وڈ کے تین بڑے خان یعنی شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے چاہنے والے بے چین ہوں گے کہ اس بار ان کے من پسند ہیروز کیا تحفہ لارہے ہیں۔
شاہ رخ خان ہدایت کار سنجے گھوش کی فلم ’کنگ‘ میں کام کر رہے تھے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ وہ اس فلم سے الگ ہو گئے ہیں اور سنجے گھوش نے شاہد کپور کو کاسٹ کر لیا ہے۔
بہرحال یہ اس سال کنگ خان کی اکلوتی فلم تھی لیکن امید کی جا رہی ہے کہ وہ بڑا اعلان کر دیں گے اور انتہائی مختصر عرصے میں ان کی نئی فلم تیار ہو کر اسی سال آ جائے۔
ویسے فلم ’ٹائیگر ورسز پٹھان‘ کو بھی اسی برس پیش کرنے کا ارادہ ہے لیکن فی الحال اس تخلیق کی عکس بندی تعطل کا شکار ہے۔ اس فلم میں سلمان اور شاہ رخ خان اداکاری کر رہے ہیں۔
دبنگ خان کی ’سکندر‘ بھی ایکشن ایڈونچر فلم ہے جس کا ٹریلر حال ہی میں جاری کیا گیا۔ فلم کو عید پر جاری کیا جائے گا جس میں سلمان خان کے ساتھ راشمیکا مندھنا ہیروئن ہیں۔
’ستارے زمین پے‘ عامر خان کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی فلم ہے جس کو ’تارے زمین پر‘ کا بڑے بچوں کا سیکوئل ہی کہا جا رہا ہے۔
عامر خان کی یہ فلم سال کے آخری دنوں میں یعنی کرسمس کے موقع پر نمائش پذیر ہوگی۔
مزاحیہ فلموں کی کمی
جھانوی کپور اور ورن دھوان کی چلبلی مزاحیہ فلم ’سنی سنسکاری کی تلسی کماری‘ چٹ پٹی کہانی پر مبنی ہے۔ اسی طرح ’تھما‘ بھی ایک اور کامیڈی تخلیق ہے جس میں بھول بھلیاں اور ستری کی طرح خوف ناک مزاحیہ کہانی لیے ہوئے ہے۔
اس میں آیوشمان کھرانہ کی جوڑی راشمیکا مندھنا کے ساتھ بنائی گئی ہے۔ ’تھما‘ دراصل ’ستری 2‘ کی پروڈکشن کمپنی کا شاہکار ہے۔
ایک اور کامیڈی فلم ’ہاؤس فل 5‘ کے بارے میں پہلے ہی تحریر کیا جا چکا ہے۔ اس سال مزاحیہ فلموں کی خاصی کمی نوٹ کی جائے گی۔ مزاحیہ ویب سیریز میں ’پنچائیت‘ اور ’گلک‘ کا اگلا سیزن بھی اسی برس پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
نوٹ: یہ تحریر کالم نگار کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، انڈپینڈنٹ اردو کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔