پاکستانی حکام کے مطابق سعودی عرب میں منشیات سمگلنگ کے الزام میں حراست میں لیے جانے والا لاہور کا خاندان بے گناہی ثابت ہونے کے بعد اتوار کو پاکستان واپس پہنچ گیا ہے جبکہ انہیں پھنسانے والے ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
لاہور کے علاقے مرغزار کالونی کی رہائشی فرحانہ اکرم خاندان کے چار افراد کے ساتھ 23 دسمبر کو سعودی عرب گئی تھیں جنہیں منشیات سمگلنگ کے شبہ میں 30 دسمبر کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی جس میں ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) میجر جنرل عبدالمعید نے لاہور میں متاثرہ خاندان کے ہمراہ پریس کانفرنس ہوئے بتایا کہ ’ائر پورٹ پر معصوم خاندان کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کر کے اس میں دو کلو آئس رکھ دی گئی جسے جدہ سمگل کرنا تھا۔‘
انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ’ہم نے اطلاع ملنے پر مشکوک افراد کو جہاز سے اتارا اور تحقیقات کے بعد سعودی عرب کو اطلاعت دی اور وہاں اس خاندان سے انہوں نے رابطہ کیا۔‘
ڈی جی اے این ایف نے بتایا کہ ’کیمروں کی مدد سے تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا جائزہ لیا گیا۔ ایک پورٹر کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی تو پورا گینگ بے نقاب ہوا۔‘
میجر جنرل عبدالمعید کے مطابق سروسز سٹاف سمیت گروہ کے نو افراد کو 48 گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا اور یہ ساری معلومات اور شواہد سعودی عرب کو فراہم کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ’شواہد کی روشنی میں ان کی بے گناہی ثابت ہونے اور سعودی انتظامیہ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد یہ خاندان آج یہاں موجود ہے۔‘
متاثرہ خاتون فرحانہ اکرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے لیے بہت مشکل وقت تھا اور عمر قید کا سن کر مزید پریشان ہو گئے تھے مگر ہماری حکومت نے بہت مدد کی ہمیں وہاں سے نکالنے کے لیے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خاندان کے ایک اور متاثری شخص نے بتایا کہ ’سعودی عرب میں پہنچنے کے تیسرے دن ہم سے تفتیش کرنے کے لیے چند اہلکار آئے اور تفتیش کے بعد ہمیں گرفتار کر لیا گیا۔‘
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کو منشیات کیس سے رہائی پانے والے خاندان کی رہائش گاہ کا دورہ بھی کیا اور واپس پہنچے والے خاندان کے افراد سے ملاقات کی۔
محسن نقوی نے ڈی جی اے این ایف کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ اس کیس پر کام کرنے والے اہلکاروں کو ایوارڈ کے لیے نامزد کریں گے۔
انہوں نے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’مفت عمرہ کرنے والے بھی خیال کریں، ایسے ہی لوگوں کو مفت عمرہ کے نام پر ساتھ بیگ دے دیتے ہیں لے جانے کے لیے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس معاملے پر مدد کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اے این ایف نے منشیات کے خلاف جو کریک ڈاؤن شروع کیا ہے اس کے نتائج بہت جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔