وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ہفتے کو لاہور کے ایکسپو سینٹر میں ہیلتھ انجینیئرنگ اینڈ منرلز شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول ساز گار ہے، جدید ٹیکنالوجی سے معاشی بہتری اور روز گار کے زیادہ مواقع حاصل ہو سکتے ہیں، دوست ممالک کو کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سر مایہ کاری کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، چیف ایگزیکٹو (ٹڈاپ) فیض احمد، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، تاجر برادری، غیرملکی مندوبین، تجارتی و اقتصادی ماہرین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ’ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے میدان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جدید ٹیکنالوجی سے معیشت میں بہتری اور روز گار کے زیادہ مواقع حاصل ہو سکتے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری بالخصوص معدنیات کے شعبے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لیے تمام ممالک کو دعوت دیتے ہیں، کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا بہترین موقع ہے۔‘
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے نوجوان ذہین، قابل اور بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، نوجوان خود کو جدید تکنیک اورپیشہ وارانہ تربیت سے آراستہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دن رات محنت اور مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’کان کنی اور دیگر معدنیات میں پاکستان مالا مال ہے، ہمیں جدت، تحقیق اور ترقی کی طرف جانا ہے اور عصر حاضر کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر کے پاکستان ان شعبوں میں اپنے مطلوبہ معاشی اہداف با آسانی حا صل کر سکتا ہے۔‘
شہباز شریف کے مطابق: ’ہم مشترکہ منصوبوں سے سب کو خوشحالی و ترقی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، دنیا نے زراعت میں بہت ترقی کی اور آگے نکل گئی لیکن ہم قیمتی وقت کا ضیاع کرتے رہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نمائش میں زرعی مشینری، قیمتی پتھر، ادویات اور دیگرشاندار سٹالز ہیں، ہمیں جدت، تحقیق اور ترقی کی طرف جانا ہے، رواں سال 2025 کا یہ بہترین پروگرام ہے جس میں تجارتی و اقتصادی لحاظ سے کامل مہارت کا مظاہرہ کیا گیا ہے جبکہ چین، افریقہ، مشرق وسطی، یورپ امریکہ، ترکی اور دیگر ممالک سے معززین کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘
وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ’یہی موقع ہے کہ پاکستان تمام ممالک کو ملک میں بلا خوف و خطر سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیاں کے آغاز کی دعوت دے، انجینیئرنگ، فارماسوٹیکل، زرعی مشینری، سرجیکل آلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہمارے پاس نہایت قابل اور نوجوان قیادت موجود ہے جس سے استفادہ کر کے ہم اپنی ملکی معیشت مستحکم کرسکتے ہیں۔‘
نمائش میں 860 غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی، اس موقع پر کئی ملکوں کے ساتھ سمجھوتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔