وزیر تجارت جام کمال خان نے ہفتے کو جدہ میں کہا ہے کہ سعودی فاسٹ فوڈ کمپنی البیک نے پاکستان میں کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ بڑے شہروں میں 200 شاخیں کھولی جائیں گی۔
وزیر تجارت نے البیک کے سعودی عرب میں پلانٹس کا دورہ کیا اور وہاں کام کرنے والے پاکستانی ملازمین سے ملاقات بھی کی۔
ڈان اخبار کے مطابق البیک نے تصدیق کی کہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کا اس کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے۔
جدہ میں ’میڈ ان پاکستان‘ ایگزیبیشن کے اختتام پر جمعے کی شب جدہ میں پریس بریفنگ اور اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال خان کا کہنا تھا ’البیک نے پاکستان آنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا عمل شروع ہو چکا ہے، وہ پہلے اپنی فوڈ چین بنائیں گے۔‘
اس سوال پر کہ البیک پاکستان میں کب کاروبار کا آغاز کرے گی اور کتنی برانچیں کھولنے جا رہی ہے، وزیر تجارت نے کہا ’ایسا نہیں ہے کہ البیک کل کوئی فرنچائز کھولے اور اپنی پراڈکٹس بیچنا شروع کر دے۔ یہ ایک طویل عمل ہے۔ وہ چکن کی فارمنگ، ان کی فیڈ پھر فرنچائز ان تمام چیزوں کو ایک سپلائی چین کے طور پر دیکھتے ہیں جبکہ ان کا حفظانِ صحت کا معیار بہت بلند ہیں۔‘
جام کمال خان نے بتایا ’البیک والے ہمارے ساتھ بیٹھے، میں نے ان سے پوچھا آپ پاکستان میں کتنی برانچیں کھولیں گے، اس پر انہوں نے 200 شاخیں کھولنے کا ارادہ ظاہر کیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جام کمال نے جدہ میں البیک کے آپریشنز کا وزٹ کیا جہاں پاکستانی ملازمین سے بھی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے بتایا ’البیک والے مجھے اپنے کچن میں لے گئے اور کہا آپ ایک برگر تیار کریں، میں نے وہاں ایک برگر بھی بنایا۔‘
البیک فوڈ سسٹم کمپنی کے کاروبار کو پاکستان میں لانے کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے پاکستانی کمپنی ’گو‘ اور سعودی کمپنی میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے تھے۔
پاکستانی وزیر تجارت نے سعودی عرب میں پاکستان کی برآمدات میں 22 فیصد اضافے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کا حجم 700 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
پاکستان نے سعودی سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں چھوٹ، سرمایہ کاروں کے تحفظ کے قوانین اور 240 ملین کی مضبوط کنزیومر مارکیٹ تک رسائی کے ساتھ کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر تجارت جام کمال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں وہ سعودی فاسٹ فوڈ چین البیک کے سربراہ رامی ابو غزالہ سے ملاقات کر رہے ہیں اور البیک کا برگر تھامے ہوئے ہیں۔