جدہ انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی کاروباری نمائش ’میڈ اِن پاکستان‘ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کہا کہ یہ نمائش پاکستانی کاروباروں کے لیے سعودی مارکیٹ میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔
اے پی پی کے مطابق پانچ سے سات فروری 2025 تک جاری اس نمائش میں پاکستان کی بہترین مصنوعات اور خدمات پیش کی گئیں، جس کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نمائش مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی توجہ کا مرکز بنی، جن میں سرکاری حکام، سفارت کار، ممتاز کاروباری شخصیات، میڈیا نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس پلیٹ فارم نے پاکستانی کاروباری اداروں کو سعودی عرب میں ممکنہ خریداروں اور شراکت داروں سے براہ راست روابط قائم کرنے کا موقع فراہم کیا۔
جام کمال خان نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات مختلف شعبوں کے سٹیک ہولڈرز کو ایک جگہ اکٹھا کرکے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بات چیت اور تعاون کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔
نمائش میں کھیلوں کا سامان، طبی آلات، کٹلری، آٹو پارٹس، پنکھے، ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، تعمیراتی مواد اور خدمات کے شعبے سمیت مختلف مصنوعات کی نمائش کی گئی۔
اس کے علاوہ دو ٹیکنیکل سیشنز بھی منعقد کیے گئے تاکہ شرکا کو سعودی عرب کے ریگولیٹری قوانین سے آگاہ کیا جا سکے۔
وزیر تجارت نے پاکستانی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ نمائش کے دوران بنائے گئے کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جام کمال خان نے سعودی ویژن 2030، ایکسپو 2030 ریاض اور فیفا ورلڈ کپ 2034 کو پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے سنہری مواقع قرار دیا جو نہ صرف تعمیراتی شعبے بلکہ ٹیکسٹائل، خوراک، کھیلوں کا سامان، لائٹ انجینئرنگ، آئی ٹی، کنسلٹنسی، ہوٹلنگ اور آرکیٹیکچرل سروسز جیسے شعبوں میں ترقی کے امکانات فراہم کرتے ہیں۔
وزیر تجارت نے پاکستانی کاروباری طبقے کو سعودی عرب میں سیاحت اور تعمیراتی صنعت میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان کاروباری آسانیوں کے اشاریے کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ ملک کو سرمایہ کاری کے لیے مزید پرکشش بنایا جا سکے۔
اختتامی کلمات میں جام کمال خان نے اعلان کیا کہ پاکستانی مصنوعات کو نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں فروغ دینے کے لیے مستقبل میں مزید تجارتی نمائشوں اور کاروباری تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
’میڈ اِن پاکستان‘ نمائش کی کامیاب تکمیل نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی راہ ہموار کر دی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافے کا باعث بنے گی۔