آٹھ ہزار سے زائد فعال غیرملکی سمز ضبط، 44 افراد گرفتار: ڈائریکٹر سائبر کرائم

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم وقار الدین سید نے واضح کیا کہ غیر قانونی سموں کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ہے، قانونی سمز استعمال کرنے والوں کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں۔

یکم جون 2020 کو راولپنڈی کی ایک مارکیٹ میں موبائل فونز کی خریدوفروخت جاری ہے (اے ایف پی / فاروق نعیم)

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل وقار الدین سید نے جمعے کو کہا ہے کہ پاکستان کے تمام شہروں میں غیرملکی سمز کے استعمال پر کریک ڈاؤن کے بعد آٹھ ہزار سے زائد پری ایکٹیو سمز ضبط کر کے 44 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ آرگنائزڈ کرائم میں انٹرنینشنل سمز کا استعمال ہو رہا ہے اور باہر سے آنے والے افراد بھی یہ سمز فروخت کرتے ہیں جو غیر قانونی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جرائم کرنے والے شناخت چھپانے کے لیے سمز کا استعمال کر رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’چائلڈ پورنوگرافی، مالیاتی فراڈ اور ہراسمنٹ کیسز میں پری ایکٹیویٹڈ غیر ملکی سمیں استعمال ہوتی ہیں۔

’پاکستان اور اس کے شہریوں کی سلامتی کے لیے یہ سمیں بہت بڑا خطرہ بن گئی ہیں۔‘

پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سموں کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے،  قانونی سمز استعمال کرنے والوں کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ کارروائی پیکا قانون کے تحت کی گئی ہے اور قانون کے تحت اس کاروبار میں ملوث افراد کو تین سال قید کے علاوہ جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

رواں ہفتے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیر قانونی موبائل سم فروخت کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایبٹ آباد، سکردو، پشاور، لاہور اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں چھاپے مارے گئے ہیں اور متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ غیر مجاز سم کارڈز کی ترسیل اور فروخت کو روکنے کے لیے سخت ریگولیٹری اقدامات کیے جا رہے ہیں، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان