ایف بی آر کا ٹیکس نادہندگان کی موبائل سمز بند کرنے کا حکم

جنرل آرڈر کے مطابق نشاندہی کیے جانے کے بعد پی ٹی اے کو پانچ لاکھ چھ ہزار سے زائد افراد کی موبائل سمز بند کرنے کا کہا گیا ہے۔

ایک پاکستانی سٹاک بروکر دو جنوری 2013 کو اپنے موبائل فون پر بات کر رہا ہے (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے منگل کو پاکستان میں انکم ٹیکس فائل نہ کرنے والے صارفین کی موبائل سمیں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایف بی آر نے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کرتے ہوئے ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والے افراد کے خلاف فیصلہ کرتے ہوئے ان کی موئل سمز بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

جنرل آرڈر کے مطابق نشاندہی کیے جانے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو پانچ لاکھ چھ ہزار سے زائد افراد کی موبائل سمز بند کرنے کا کہا گیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق ان افراد کی آمدن ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے قابل ہے تاہم اس کے باوجود یہ جمع نہیں کروائے جا رہے۔

’یہ افراد ایف بی آر ایکٹو ٹیکس ادا کرنے والوں کی لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ لہذا ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کی موبائل فون سمز کسی بھی وقت بند کی جا سکتی ہیں۔‘

رواں برس جنوری میں ایف بی آر کے ترجمان آفاق قریشی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ ادارے نے نان فائلرز کی موبائل فون سمز اور موبائل فون بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس حوالے سے ایف بی آر اور پی ٹی اے کے تین اجلاس ہوئے ہیں اور اس معاملے پر گذشتہ ایک ماہ سے بات ہو رہی ہے۔‘

تاہم انہوں نے بتایا کہ ’موبائل فون سمز بند کرنے کے لیے پی ٹی اے کو آرڈر ملنے سے متعلق بات ان کے علم میں نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’اگر میں ہوتا تو اس اقدام سے قبل موبائل فون سمز بند کرنے کی آگاہی مہم چلانے کا کہتا۔‘

انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114 بی کے مطابق ’جاری کیے گئے نوٹسز کے جواب میں ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے کی صورت میں ایف بی آر کو یوٹیلیٹی کنکشنز بشمول بجلی اور گیس کے کنکشنز منقطع کرنے اور موبائل سمز بلاک کرنے کا اختیار حاصل ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان