چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے کون کتنا تیار؟

میگا ایونٹ سے پہلے آٹھوں ٹیمیں ون ڈے فارمیٹ میں ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی کوشش کر رہی ہیں جن میں نیوزی لینڈ اور انڈیا شاندار کامیابیاں سمیٹ کر بطور مضبوط امیدار ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 12 فروری 2025 کو کراچی میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں پاکستانی کھلاڑی وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے (اے ایف پی)

آئی سی سی مینز چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے آغاز میں اب چند روز ہی باقی ہیں اور ہر ٹیم امید کر رہی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں زبردست آغاز کرے۔

اس مقصد کے لیے اس ایونٹ میں شامل ٹیمیں گذشتہ چند ہفتوں میں وائٹ بال کرکٹ میں مصروف رہی ہیں تاکہ اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے سکیں۔

تو اس دوران کس ٹیم نے سب سے زیادہ متاثر کیا؟

نیوزی لینڈ نے شاندار انداز میں میگا ایونٹ کے لیے تیاری کی ہے جہاں بلیک کیپس نے میزبان پاکستان اور جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سہ فریقی سیریز جیت لی۔

اس سیریز میں کین ولیمسن نے زبردست فارم کا مظاہرہ کیا جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہدف کے تعاقب میں شاندار سنچری سکور کی جبکہ پاکستان کے خلاف ابتدائی جیت میں بھی ان کی نصف سنچری نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

اسی میچ میں گلین فلپس نے 74 گیندوں پر ناقابلِ شکست 106 رنز بنائے جب کہ ڈیرل مچل نے بھی دو نصف سنچریاں سکور کیں۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور سلمان آغا نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار سنچریاں بنائیں جب کہ پروٹیز کے میتھیو بریٹزکے نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا شاندار آغاز کیا اور دو اننگز میں بالترتیب 150 اور 83 رنز بنائے۔

ادھر انڈیا نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ وائٹ بال میچز میں شاندار کارکردگی دکھائی۔

انڈیا نے ٹی ٹوئنٹی سیریز چار ایک سے اپنے نام کی اور پھر ون ڈے سیریز میں بھی کلین سویپ کرتے ہوئے تینوں میچ جیت لیے۔

اس سیریز میں شبمن گل سب سے نمایاں رہے جنہوں نے 86.33 کی اوسط سے 259 رنز بنائے جس میں تیسرے ون ڈے میں شاندار سنچری بھی شامل تھی۔

اس میچ میں انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 356 رنز بنائے اور 142 رنز سے فتح حاصل کی۔

شریاس ایر نے بھی شاندار بیٹنگ کی جب کہ آؤٹ آف فارم کپتان روہت شرما کی دوسرے ون ڈے میں سنچری کو ان کی فارم میں واپسی قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سیریز میں بولنگ میں رویندر جدیجا نے 10 کی اوسط سے 6 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مجموعی طور پر صرف عادل رشید ہی ان سے زیادہ وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جنہوں نے 7 شکار کیے۔

انڈیا یہ سیریز جیتنے کے بعد متحدہ عرب امارات روانہ ہونے والا ہے جہاں وہ چیمپیئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میگا ایونٹ ایکشن میں نظر آنے والی تین دیگر ٹیموں میں افغانستان نے اپنی حالیہ ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔

دسمبر میں زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد انہوں نے شارجہ میں بنگلہ دیش کو بھی دو ایک سے شکست دی۔

چیمپیئنز ٹرافی کے لیے افغانستان کی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے جہاں وہ نیوزی لینڈ کے خلاف 16 فروری کو ایک وارم اپ میچ کھیلے گی۔

بنگلہ دیش نے اس شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف کیریبین میں تین صفر سے سیریز گنوا دی لیکن وہ جنوبی ایشیا کی اپنی ہوم کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی کی امید کر رہے ہیں۔

آخر میں آسٹریلیا، جو چیمپیئنز ٹرافی میں کئی اہم کھلاڑیوں کے بغیر اترے گی، کو رواں ہفتے ون ڈے سیریز میں سری لنکا کے خلاف دو صفر کی شرمناک ہار کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

کولمبو میں دونوں میچز میں آسٹریلین بلے باز جدوجہد کرتے نظر آئے تاہم سپینسر جانسن، ایرون ہارڈی، سین ایبٹ اور ناتھن ایلس نے پہلے میچ میں بولنگ کے ساتھ کچھ متاثر کن کارکردگی ضرور دکھائی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ