پاکستان کی وزارتِ اطلاعات نے بدھ کو بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ گانوں، فلموں اور دستاویزی فلموں کی تیاری کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔
اس پیش رفت کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان میڈیا انڈسٹری میں قریبی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بدھ کو ریاض میں سعودی وزیر برائے میڈیا سلمان الدوسری سے ملاقات کی۔ عطا اللہ تارڑ مملکت میں چوتھے سعودی میڈیا فورم میں شرکت کے لیے موجود ہیں۔
یہ فورم عالمی میڈیا ماہرین، تخلیقی افراد اور دانشوروں کو یکجا کرتا ہے اور اس سال ’بدلتی دنیا میں میڈیا‘ کے عنوان کے تحت منعقد ہو رہا ہے، جو جمعے تک جاری رہے گا۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات نے کہا: ’پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ پروڈکشن، گانوں، فلموں اور دستاویزی فلموں کے لیے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
’صحافیوں کے تبادلے اور تربیتی پروگراموں میں شراکت داری کو فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ملاقات میں میڈیا تعلقات مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں وزرا نے جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان کی جانب سے سعودی وژن 2030 کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات کے مطابق: ’سعودی وزیر میڈیا سلمان الدوسری نے کہا کہ بہت سے پاکستانی شہری سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان معلوماتی شعبے سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا سعودی عرب کی ترجیح ہے۔‘
پاکستان اور سعودی عرب علاقائی شراکت دار اور معاشی اتحادی ہیں۔ گذشتہ سال اکتوبر میں دونوں ممالک نے 2.8 ارب ڈالر کے 34 معاہدوں/مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔
سعودی عرب میں 27 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جو پاکستان کے لیے سب سے بڑی ترسیلاتِ زر کا ذریعہ ہیں اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔