سعودی عرب سے گرفتار اشتہاری ملزم پاکستان منتقل: پنجاب پولیس

پنجاب پولیس کے مطابق وسیم اسلم نے 2016 میں محمد سلیم نامی شخص کو فائرنگ کر کے قتل اور ایک شخص کو زخمی کیا تھا اور وہ ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو مطلوب تھے۔

پنجاب پولیس کے مطابق وسیم اسلم قتل و اقدامِ قتل کے مقدمے میں نو سال سے تھانہ سٹی گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو مطلوب تھے (پنجاب پولیس)

پنجاب پولیس کے مطابق 2016 میں ایک شہری کو قتل کرنے کے الزام میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کو مطلوب اشتہاری ملزم وسیم اسلم کو سعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔

وسیم اسلم نے 2016 میں محمد سلیم نامی شخص کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا جبکہ ان کی فائرنگ سے محمد نعیم نامی ایک شخص زخمی بھی ہوا تھا۔

پنجاب پولیس کے ایک ترجمان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’وسیم اسلم قتل و اقدامِ قتل کے مقدمے میں نو سال سے تھانہ سٹی گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو مطلوب تھے۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے اشتہاری کے ریڈ نوٹس جاری کروائے اور سعودی عرب پولیس کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن سے اشتہاری کو گرفتار کیا گیا۔‘

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس کامیاب کارروائی پر ریجنل پولیس افسر (آر پی او) راولپنڈی، ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانونی کارروائی جلد مکمل کر کے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک مفرور مزید خطرناک اشتہاری ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے گی۔‘

پنجاب پولیس کے ترجمان نے انڈپینڈنٹ اردو کو یہ بھی بتایا کہ رواں برس جنوری میں بھی پنجاب پولیس نے دوہرے قتل کی واردات میں مطلوب اشتہاری رفیع اللہ خان کو سعودی عرب سے گرفتار کیا تھا۔

انہوں نے بتایا: ’اشتہاری ملزم رفیع اللہ خان دو شہریوں کو قتل کر کے سعودی عرب فرار ہو گئے تھے۔ وہ دوہرے قتل کے مقدمے میں دو سال سے تھانہ کالا باغ، میانوالی پولیس کو مطلوب تھے جبکہ جنوری میں ہی سیالکوٹ پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری حسنین احمد کو بھی سعودی عرب سے گرفتار کیا گیا تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ ملزم حسنین احمد نے 2024 میں ذیشان نامی شہری کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا اور واردات کے بعد وہ سعودی عرب فرار ہو گئے تھے، پنجاب پولیس نے مسلسل فالو اپ جاری رکھا اور انہیں انٹرپول کی مدد سے گرفتار کیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق: ’رواں سال بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری ملزمان کی تعداد نو ہو گئی ہے جبکہ گذشتہ برس سنگین جرائم میں مطلوب بیرون ممالک مفرور 104 اشتہاریوں کو گرفتار کر کے پاکستان لایا گیا تھا۔‘

اس کے علاوہ ایف آئی اے نے دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی اور فراڈ کے مقدمات میں مطلوب چھ خطرناک اشتہاریوں کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے بھی گرفتار کیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے، این سی بی اور انٹرپول نے دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی اور فراڈ کے مقدمات میں مطلوب چھ خطرناک اشتہاریوں کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق: ’گرفتار ملزمان کی شناخت سفیان علی، عکاشہ اقبال، زوہیب شہزاد، عبدالطیف، محمد جلیل اور محمد رمیز اشرف کے نام سے ہوئی اور ان گرفتار ملزمان کو یو اے ای سے لاہور منتقل کیا گیا۔‘

ترجمان کے مطابق یہ گرفتار ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزم سفیان علی کے خلاف تھانہ وزیر آباد سٹی سیالکوٹ میں 2022 میں مقدمہ درج ہوا اور وہ دہشت گردی اور اقدامِ قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔

گرفتار ملزم زوہیب شہزاد کے خلاف ڈکیتی کی دفعات کے تحت تھانہ سترہ، سیالکوٹ میں مقدمہ درج تھا۔  ملزم عبدالطیف قتل کے مقدمے میں تھانہ ایئرپورٹ، رحیم یار خان کو مطلوب تھا۔

ملزم محمد جلیل گذشتہ نو سال سے ڈکیتی کے مقدمے میں ڈیرہ غازی خان پولیس کو مطلوب تھا۔

ملزم محمد رمیز تھانہ صادق آباد، راولپنڈی کو اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔

ملزم عکاشہ اقبال کے خلاف 2023 میں فراڈ کی دفعات کے تحت تھانہ سول لائن سیالکوٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان