حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا ریلیف دیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتے کی رات ایک بیان میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھتے ہوئے اس کا پورا مالی فائدہ بجلی کی قیمتوں میں عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کے فرق سے پیدا ہونے والی مالی گنجائش اور دیگر اقدامات سے بجلی کی قیمتوں میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کا پیکج تیار ہے جس کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ان بہت سے دیگر اقدامات میں سے ایک ہے جو بجلی کے نرخوں میں بامعنی کمی کا باعث بنے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جارہا ہے جس کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔
محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’حکومت سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو ترجیح دینے کا عہد کیا تھا، اس ریلیف سے نہ صرف بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی بلکہ اس کا اثر مجموعی طور پر مہنگائی پر بھی پڑے گا اور اس میں مزید کمی واقعہ ہو گی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم آفس کے مطابق اس ریلیف کے حوالے سے وزیراعظم بہت جلد قوم کو خود آگاہ کریں گے۔
وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
وزارت خزانہ کی نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی موجودہ قیمت 258 روپے 64 پیسے، جبکہ پیٹرول کی قیمت 255 روپے 63 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
دوسری جانب پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، جو بجلی کے نرخوں اور سبسڈی پر اثر انداز بھی ہوتے ہیں۔
گذشتہ سال ستمبر میں آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے سات ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی حتمی منظوری دی تھی۔ پہلے جائزے کی کامیابی کے بعد فنڈ پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی۔
ملک کی معیشت بحالی کے ایک طویل عمل سے گزر رہی ہے جسے گذشتہ سال کے آخر میں حاصل کردہ سات ارب ڈالر کے آئی ایم ایف ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی کے تحت نسبتاً استحکام حاصل ہوا تھا۔