غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف جماعت اسلامی کا امریکی قونصل خانوں کے باہر احتجاج

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ’امریکی ایما پر اسرائیل نے غزہ میں دوبارہ حملے شروع کر دیے جو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔‘

فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف جمعے کو پاکستان کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کے زیرانتظام احتجاج کیا گیا جس میں امریکہ کی سفارتی عمارتوں کی جانب مارچ بھی کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی میں امریکہ کے سفارتی عمارات کی جانب مارچ کیا جائے گا۔  

سیزفائر کے باوجود فلسطین میں اسرائیلی حملوں کے خلاف لاہور میں بھی امریکی کونصلیٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں لاہور میں شہدا مسجد مال روڈ سے امریکی قونصلیٹ جنرل کی جانب مارچ کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ’جنگ بندی کے باوجود امریکی ایما پر اسرائیل نے غزہ میں دوبارہ حملے شروع کر دیے جو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے اس کی دنیا بھر کے مسلمان مذمت کرتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہماری حکومت سمیت تمام مسلم ممالک کی حکومتوں کو متحد ہو کر اس حوالے سے آواز بلند کرنا ہوگی۔‘

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ کچھ پاکستانی صحافی اسرائیل گئے ہیں تو حکومت اس حوالے سے موقف ظاہر کرے۔

’اگر کوئی بیک ڈور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش ہوئی تو شدید مزاحمت کی جائے گی۔ آرمی چیف کو حکومت اجازت دے وہ مسلم ممالک کے سربراہان کے ساتھ اسلام آباد میں مشاورت سے اسرائیل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائیں۔‘

ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے فلسطین کے پرچم تھام رکھے تھے شرکاء اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

پشاور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ پر اسرائیل جارحیت میں اور بے گناہ افراد قتل کے خلاف پشاور صدر سے امریکی قونصلیٹ تک ریلی نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت جماعت کے صوبائی امیر بحرالکہ خان اور نائب امیر عتیق الرحمان کر رہے تھے جو صدر درویش مسجد سے شروع ہو کر امریکی قونصلیت کے باہر امن چوک پر ختم ہوئی۔

ریلی میں شامل مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔

ریلی میں شامل سعید خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اسرائیل اور امریکہ نے امن معاہدے کے باوجود غزہ میں بربریت کا مظاہرہ کیا ہے اور اسی کے خلاف آج ہم نکلے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سمیت اسلامی ممالک کو غزہ کے مسئلے کو سنجیدگی سے لے کر اس کا دیرپا حل نکالنا چاہیے۔

امریکی سرپرستی میں فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جمعہ کو ملک گیر احتجاج کی کال پر کراچی میں بھی ریلی نکالی گئی۔

جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی کے مائی کولاچی بائے پاس پر واقع امریکی کونسل خانے کے سامنے احتجاج کیا گیا۔

فلسطین یکجہتی ریلی کراچی کے بوٹ بیسن سے نکالی گئی۔ ریلی میں بچوں، نوجوانوں، بزرگوں سمیت بڑے تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی میں فلسطین کے پرچموں کے ساتھ بینر بھی لگائے گئے، جن پر فلسطین پر امریکی سرپرستی میں اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے لکھے ہوئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان