پاکستان بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں کا اسرائیل مخالف احتجاج

غزہ میں اسرائیلی جارجیت کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی جلوس نکالے گئے جن میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔

اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کے خلاف اور فلسطین سے یکجہتی کے اظہار کے لیے جمعے کو پاکستان کے بڑے شہروں میں احتجاج کیے جا رہے ہیں جن میں دیگر جماعتوں اور تنظیموں نے بھی شرکت کی۔

’غزہ تمہیں پکارتا ہے‘ کے عنوان سے ایک بڑی ریلی لاہور میں جمعے کی نماز کے بعد منعقد کی گئی جو مال روڈ، ناصر باغ سے نکالی گئی، اور اس کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کی۔

انڈپینڈنٹ اردو کے لاہور سے نامہ نگار ارشد چوہدری کے مطابق کچھ دن پہلے بھی جماعت اسلامی نے مال روڈ سے ریلی نکالی اور امریکی قونصلیٹ لاہور کے سامنے احتجاج کیا تھا۔

حافظ نعیم الرحمن نے ایک بیان میں کہا کہ ’اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں نسل کشی کی بھیانک کارروائیاں جاری ہیں۔ ان انسانیت سوز حملوں پر عالمی قوتیں اور امریکہ نہ صرف خاموش ہے بلکہ اسرائیل کو مدد فراہم کر رہا ہے۔ اس جارحیت کے خلاف تمام مسلم ریاستوں کو متحد ہونا ہو گا۔‘

لاہور: غزہ بچاو مارچ میں خواتین کی بچوں کے علامتی لاشے اٹھا کر شرکت

نامہ نگار ارشد چوہدری کے مطابق لاہور میں مال روڈ پر ہونے والے احتجاج میں خواتین شرکا نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کا نشانہ بننے والے بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے علامتی طور پر بچوں کے لاشے اٹھا رکھے تھے۔ وہاں بچوں کے کپڑوں اور جوتوں کی بھی عکاسی کی گئی۔ اس مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن و دیگر قائدین نے کی۔

مال روڈ چیئرنگ کراس سے سٹیٹ بینک چوک تک شہریوں کی بڑی تعداد مارچ میں شریک تھی۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر عالمی قوتیں نہ صرف خاموش ہیں بلکہ ساتھ دے رہی ہیں۔ امریکہ اسرائیل کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک کا جائزہ لے رہا ہے۔ ان حالات میں مسلم ریاستوں کو متحد ہوکر فلسطینیوں کے حق میں موثر آواز بلند کرنا ہو گی۔

مرکزی مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتوں نے نماز جمعے کے موقعے پر اسرائیل کے خلاف مذمتی قرار دادیں بھی منظور کیں۔

مرکزی مسلم لیگ (ایم ایم ایل) بھی ہر جمعے کو احتجاج کی کال دے رہی ہے اور ایم ایم ایل نے ’غزہ لہو لہو‘ عنوان کے تحت یکجہتی فلسطین مظاہروں اور کانفرنسوں کا اعلان کر رکھا ہے۔

جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق مرکزی مارچ آج لاہور میں ہو گا۔ کراچی میں 13اپریل کو شاہراہ فیصل، ملتان میں گھنٹہ گھر چوک پر 18 اپریل کو اور اسلام آباد میں 20 اپریل کو ایمبیسی روڑ پر مارچ ہو گا۔‘

 مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے اپنے بیان میں اپیل کی کہ ’علما کرام خطبات جمعہ میں اسرائیلی حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں، نماز جمعہ میں فتوات نازلہ دیں۔ قربانیوں کے باوجود فلسطینیوں کے حوصلے بلند ہیں ۔ہفتہ یکجتہی فلسطین مہم کے تحت  آج جمعہ کو مختلف شہروں میں بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔‘


ان جماعتوں کے علاوہ سول سوسائٹی کی تنظیمیں بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف حتجاج کر رہی ہیں۔

پشاور: اسرائیل مخالف ریلیوں میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان

پشاور سے انڈپینڈنٹ اردو کے نامہ نگار اظہار اللہ کے مطابق جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جمعے کو پشاور کے مختلف تنظیموں نے غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکالیں، جن میں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرہ بازی کی گئی جبکہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا گیا۔

ریلی کی قیادت کرنے والی جماعت اسلامی کی رکن عنایت بی بی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’اس ریلی کا مقصد فلسطین کے مظلوم عوام کو بتانا کے کہ وہ اکیلے نہیں ہے۔‘

انہوں نے بتایا، ’میں حیران ہوں کہ ہمارے مسلمان حکمرانوں کو ہو کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت دیکھ کر خاموش ہیں۔‘

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پاکستان بزنس فورم نے بھی نماز جمعہ کے بعد پشاور کے خیبر بازار میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ریلی نکالی جس میں تاجر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ریلی کی قیادت جماعت اسلامی پشاور کے امیر بحر اللہ ایڈوکیٹ کر رہے تھے۔

اسی طرح مرکز اسلامی پشاور دفتر سے بھی نماز جمعہ کے بعد ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے نعرے لگائے گئے۔

دوسری جانب صوبہ بھر میں جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بھی مختلف اضلاع میں فلسطینی عوام مے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نماز جمعہ کے بعد ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے منعقد کیے۔ 

احتجاجی مظاہروں میں عالمی دنیا سے فلسطین کے اندر اسرائیلی جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسلام آباد: امریکی سفیر کو بےدخل کرنے کا مطالبہ

نامہ نگار قرۃ العین شیرازی کے مطابق جمعے کو اسلام آباد کے تجارتی مرکز آب پارہ میں مسلم طلبہ محاذ اور پاک فلسطین فورم کے زیر انتظام ’غزہ بچاؤ مارچ‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

جہاں ایک جانب مظاہرین نے اسرائیلی مصنوعات یا اس کے حامی ممالک اور کاروبار کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا وہیں دوسری جانب ملک سے امریکی سفیر کو بے دخل کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ 

اس احتجاج کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے علاقہ کو کنٹینر اور خار دار تاریں لگا کر راستے بند کر دیے گئے جن سے عام شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ 

یاد رہے جماعت اسلامی نے 20 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج کرنے اور 13 اپریل کو جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی نے ملین مارچ کی کال بھی دے رکھی ہے۔

کراچی: 13 اپریل کو غزہ یکجہتی مارچ ہو گا

ملک کے دوسرے شہروں کی طرح کراچی میں بھی فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف مقامات پر احتجاج کیے گئے۔ جماعت اسلامی کا مرکزی احتجاج گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر واقع بیت المکرم مسجد کے سامنے کیا گیا۔

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا: ’غزہ کی 90 فیصد آبادی کو بدترین بمباری کے ذریعے تباہ کردیا گیا ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلمانوں پر جاری ظلم و ستم پر خاموش ہیں۔‘

امیر جماعت اسلامی کراچی نے اہلیان کراچی کو جماعت اسلامی کی جانب سے اتوار 13 اپریل کو شاہراہ فیصل پر حافظ نعیم الرحمان کی سربراہی میں یکجہتی غزہ مارچ  میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ اتوار 13 اپریل کو شاہراہ فیصل پر شام چار بجے ہونے والے ’یکجہتی غزہ مارچ‘ کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔

پاکستان اسرائیلی جارحیت کی مسلسل مذمت کرتا آیا ہے اور جمعرات کو وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی ’بربریت‘ تازہ لہر  کا نوٹس لے۔

انہوں نے حال ہی میں سامنے آنے والی ایک ویڈیو حوالہ دیا جس میں اسرائیلیوں 15 ایمرجنسی ورکرز کو 23 مارچ کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

سات اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینوں کو قتل کیا جا چکا ہےجن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان