برطانوی موسیقار سر ایلٹن جان نے اپنی سوانح عمری میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک پارٹی کے دوران ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کو اپنے بھانجے وسکاونٹ لنلی کے منہ پر طمانچہ رسید کرتے ہوئے دیکھا تھا۔
ایلٹن جان کے مطابق اس دوران ملکہ نے اپنی اکلوتی بہن شہزادی مارگریٹ کے صاحبزادے کو ڈانٹے ہوئے کہا: ’میرے ساتھ بحث مت کرو، میں ایک ملکہ ہوں۔‘
’میل آن لائن‘ پر شائع ہونے والی سوانح عمری ’می‘ کے اقتباس کے مطابق سر ایلٹن جان لکھتے ہیں: ’مجھے معلوم ہے کہ عوامی سطح پر ملکہ کے بارے میں تاثر یہ پایا جاتا ہے کہ وہ سخت رویے کی مالک ہیں۔۔۔ لیکن نجی محفلوں میں وہ زندہ دل اور مزاحیہ خاتون ہیں۔‘
ایلٹن ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے بتاتے ہیں: ’میں نے دیکھا کہ وہ اپنے بھانجے وسکاونٹ لنلی کے پاس گئیں اور ان سے اپنی بہن کا خیال رکھنے کا کہا جو بیماری کے باعث اپنے کمرے میں واپس چلی گئی تھیں۔ جب ملکہ کی جانب سے بار بار کہنے کے باوجود وسکاونٹ ٹال مٹول سے کام لے رہے تھے تو الزبتھ دوم نے ان کے منہ پر طمانچہ رسید کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ بحث مت کرو، میں ایک ملکہ ہوں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید لکھا: ’اس (تھپڑ) نے ایک جادو کی طرح کام کیا اور وہ وہاں سے چلا گیا جس کے بعد ملکہ نے سیدھا میری جانب دیکھا۔ مجھے آنکھ ماری اور وہاں سے چل پڑیں۔‘
ایلٹن نے اپنی کتاب میں ایک عشائیے کے دوران ہالی وڈ سٹارز رچرڈ گیئر اور سیلویسٹر سٹالون کے درمیان شہزادی ڈیانا کے لیے ہونے والی لڑائی کا بھی ذکر کیا ہے۔
’لڑائی کے بعد بہت عجیب ماحول قائم ہو گیا تھا۔ اس کے فوری بعد رچرڈ گیئر اور لیڈی ڈیانا ایک دوسرے سے گھل مل گئے تھے۔‘
ایلٹن نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اُس وقت لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے درمیان علیحدگی ہو چکی تھی اور ان کی رچرڈ گیئر کے ساتھ دوستی پروان چڑھ رہی تھی اور یہ بات سیلویسٹر سٹالون سے ذرا ہضم نہیں ہو رہی تھی۔
ہم جنس پرست موسیقار ایلٹن نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر ڈیوڈ فرنش نے رچرڈ گیئر اور سیلویسٹر سٹالون کو راہداری میں ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوتے دیکھا جو ظاہری طور پر لیڈی ڈیانا کے لیے ایک دوسرے پر گھونسوں سے وار کر رہے تھے۔
انہوں نے لکھا: ’عشائیے کے بعد ڈیانا اور گیئر آگ کے نزدیک اکٹھے بیٹھ گئے تھے اور سیلویسٹر غصے میں آ کر وہاں سے واپس گھر روانہ ہو گئے۔‘
’میں اور ڈیوڈ انہیں دروازے تک چھوڑنے گئے تو سیلویسٹر نے لرزتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں کبھی نہ آتے اگر انہیں پتہ ہوتا کہ پرنس چارمنگ (گیئر) بھی یہاں موجود ہیں۔ اگر میں چاہتا تو وہ (ڈیانا) میری ہو سکتی تھی۔‘
© The Independent