یوں تو ہر ملک میں کرکٹ کے مداح اس کھیل سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے مختلف طریقے اپناتے ہیں، کوئی دوران میچ میدان میں کود جاتا ہے تاکہ اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو چھو سکے تو کوئی پوری پوری رات سٹیڈیم کے باہر انتظار کرتے گزار دیتا ہے تاکہ وہ اپنی فیورٹ کھلاڑیوں کو میدان میں آتا دیکھ سکے۔
لیکن امریکہ جیسے ملک، جہاں کرکٹ ابھی مقبولیت کی ان بلندیوں پر نہیں پہنچ سکی جن پر باسکٹ بال یا بیس بال جیسے کھیل ہیں، میں ایک مداح، ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹروائٹ کے رہائشی حسن تسلیم، نے ایسا کچھ کر ڈالا جس پر نہ صرف دنیا بھر کے کرکٹ مداح ان کی کرکٹ سے محبت کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے بلکہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی آئی سی سی بھی ان کی کرکٹ سے محبت کو نظر انداز نہ کر سکی۔
آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر حسن تسلیم کی جانب سے بھیجی گئی ایک تصویر اور اس کے ساتھ ان کا لکھا ہوا نوٹ ٹویٹ کیا۔
اس تصویر میں حسن تسلیم اپنی شریک حیات کے ہمراہ گھر پر شادی کی تقریب کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھ رہے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے اپنے نوٹ میں کہ کرکٹ کے ایک دیوانے مداح کے طور پر وہ اپنی شادی کی تصویر پیش کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ روایات کے مطابق رخصتی کے بعد دلہن کو سسرال میں ایک روایتی استقبالیہ دیا جاتا ہے۔ لیکن منگل کو ان کے گھر دلہن کو دیا جانے والا یہ استقبالیہ کچھ الگ ہی قسم کا تھا۔
حسن تسلیم کے مطابق جب وہ دلہن کو لے کر گھر پہنچے تو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جاری تھا۔ انہوں نے میچ کے دوران اپنی اور اپنی اہلیہ کی تصویر شیئر کی جس میں ان کے پیچھے نصب ٹی وی سکرین پر میچ دیکھا جا سکتا ہے۔ جبکہ حسن اور ان کی اہلیہ اپنی نشستوں پر براجمان مڑ کے ٹی وی سکرین پر جاری یہ میچ دیکھ رہے ہیں۔
تصویر میں ان کے خاندان کے باقی افراد بھی ٹی وی سکرین کو دیکھ رہے ہیں جس سے اندازہ لگانا قطعی مشکل نہیں کہ ان کا پورا خاندان ہی کرکٹ کا مداح ہے۔
حسن نے لکھا: ’شمالی امریکہ میں رہتے ہوئے مجھے رات کے اوقات میں جاگ کر پاکستانی ٹیم کے میچ دیکھنے کی عادت ہوگئی ہے۔ یہ میری شادی کی رات تھی لیکن میں پاکستان کے میچ کو نہیں چھوڑ سکتا تھا۔‘
آئی سی سی نے حسن کی تصویر اور ان کا پیغام ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ایک پیغام جو امریکہ سے ایک مداح نے بھیجا ہے۔ جان لیں یہ یہ محبت ہے جب آپ اور آپ کا ہمسفر ایک ساتھ میچ دیکھ رہے ہوں۔‘
اس ٹویٹ پر کئی ٹوئٹر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے دیے گئے۔ ابھیجیت نامی ایک صارف نے بھارت میں ایک شادی کی تقریب کی تصویر پوسٹ کی جہاں مہمان ہال میں نصب سکرین پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ 2015 کے دوران کھیلا جانے والا میچ دیکھ رہے ہیں۔
This was in India during India vs Pakistan World Cup 2015 Match pic.twitter.com/pLFNt8LsQp
— Abhijeet ♞ (@TheYorkerBall) November 6, 2019
بنگلہ دیش سے عمران چوہدری نامی ایک صارف نے لکھا: ’میں اس جذبے کی دل کی گہرایوں سے عزت کرتا ہوں۔‘
آسٹریلیا سے سمتھ رچی نامی ایک صارف نے لکھا: ’کھیل کو تفریح ہی سمجھیں زیادہ سنجیدگی سے مت لیں۔‘