اب آپ بھی شہزادہ ولیم کی شیروانی پہن سکیں گے

پاکستانی ڈیزائنر نعمان عارفین، جن کی تخلیق کردہ شیروانی شہزادہ ولیم نے اپنے دورہ پاکستان میں پہنی تھی، نے اعلان کیا اب وہ یہ شیروانی فروخت کے لیے بھی پیش کر رہے ہیں۔

(عامر قریشی/اے ایف پی)

پاکستان کے معروف ڈیزائنر نعمان عارفین نے اپنی شہرہ آفاق شیروانی، جسے حال ہی میں پاکستان کے دورے کے دوران تاج برطانیہ کے وارث ڈیوک آف کیمرج شہزادہ ولیم نے زیب تن کیا، کو اب دنیا بھر میں آن لائن فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

گذشتہ ماہ پاکستان کے دورے کے دوران برطانیہ کے شہزادہ ولیم نے ایک سرکاری ضیافت پر فیروزی مائل سبز رنگ کی شیروانی پہنی تھی جس کا پاکستان سمیت دنیا بھر میں بہت چرچا ہوا تھا۔

نعمان عارفین نے اپنی اس تخلیق کا نام ’شاہوانی‘ رکھا ہے اور ان کے مطابق یہ ترکیب بادشاہ کے شاہ اور شیروانی کے وانی کا مرکب ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب دنیا میں کوئی بھی ان کی ویب سائٹ پر جا کر اس شیروانی کو آرڈر کرسکتا ہے۔

اس کی قیمت 1450 امریکی ڈالر یا سوا دو لاکھ پاکستانی روپے ہے جس میں ترسیل کے اخراجات بھی شامل ہیں۔ آرڈر کرنے پر یہ شیروانی آپ کو ایک خصوصی طور پر تیار کردہ لکڑی کے ڈبّے میں ملے گی۔

عوام کی دلچسپی اور ضرورت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے نعمان عارفین نے فیروزی مائل سبز رنگ جو شہزادہ ولیم نے پہنا تھا کے ساتھ ساتھ چار دیگر رنگوں میں بھی یہ ’شاہوانی‘ متعارف کروائی ہے جن میں سیاہ، بادامی، عنابی (میرون) اور گہرا نیلا رنگ شامل ہیں۔

نعمان عارفین کے مطابق یہ تمام کے تمام رنگ شاہی انداز کو پیش کرتے ہیں اسی لیے ان کا انتخاب کیا گیا۔

چونکہ پرنس ولیم نے اس شیروانی کے ساتھ مخمل کے بنے سیاہ رنگ کے جوتے پہنے تھے تو نعمان عارفین نے ان ہی رنگوں میں جوتے بھی متعارف کروائے ہیں جس کی قیمت مزید 195 امریکی ڈالرز یا تقریباً  تیس ہزار پاکستانی روپے ہوگی۔

نعمان عارفین نے بتایا کہ وہ 15 سال سے ریٹیل میں کام کررہے ہیں جبکہ گذشتہ دس سال سے وہ فیشن کی دنیا میں کام کر رہے ہیں۔ ان کا برینڈ ’نوشے میاں‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرنس ولیم کا پاکستانی لباس اور وہ بھی سبز رنگ کی روایتی شیروانی پہننا پاکستان کے لیے بہت خوشی کی بات ہے اور کسی بھی پاکستانی ڈیزائنر کی تخلیق پہننا صرف ان کے لیے ہی نہیں بلکہ پاکستان کی فیشن صنعت کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سٹائل