سلیبرٹیز کی جانب سے اپنے مداحوں کو خود سے سوالات کرنے کا موقع دینے کا رجحان زور پکڑتا جا رہا ہے۔ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی گذشتہ روز ٹوئٹر پر اپنے فالورز کے ساتھ سوال جواب کی ایک ’نشست‘ رکھی، جس کے دوران بہت سے دلچسپ تبصرے سننے کو ملے اور بہت سے انکشافات بھی ہوئے۔
ہفتے کی شب تقریباً تین بجے شعیب نے ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے لکھا: ’چلیں 15 منٹ کے لیے سوال و جواب کی نشست رکھتے ہیں۔‘
بس پھر کیا تھا، ہیش ٹیگ ’آسک شعیب اختر‘ کے ساتھ صارفین نے ماضی میں دنیا کے تیز ترین بولر پر سوالات کی بوجھاڑ کر دی۔
Lets do Q & A for 15 minutes.
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 16, 2019
Use the hashtag #AskShoaibAkhtar.
عباس نامی صارف نے شعیب کو ان کے دوسرے بیٹے کی ولادت پر مبارک باد دینے کے بعد چھوٹتے ہی پوچھا کہ کرکٹ میں ان کے سب سے یاد گار اور ناقابلِ فراموش لمحات کون سے ہیں؟ جس کے جواب میں شعیب اختر نے کہا: ’ٹنڈولکر کی وکٹ اور کلکتہ ٹیسٹ۔‘
Tendulkar - Calcutta Test
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 16, 2019
ندیم خان نے باؤنسر کراتے ہوئے شعیب پر سوال داغ دیا کہ انہوں نے آصف کو بلا کیوں مارا تھا؟ جس پر دفاعی پوزیشن لیتے ہوئے شعیب نے جواب دیا: ’آصف سے پوچھنا کبھی۔‘
Asif se poochna kabhi :)
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 16, 2019
2007 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران جوہانسبرگ میں پریکٹس کے بعد شعیب اختر اور محمد آصف کی ڈریسنگ روم میں کسی بات پر تلخ کلامی ہو گئی تھی جس پر شعیب نے طیش میں آ کر آصف کی ٹانگ پر بلا دے مارا تھا، جس سے وہ معمولی زخمی ہوگئے تھے۔ دو کھلاڑیوں کی یہ جھڑپ پوری دنیا کے میڈیا کی سرخی بن گئی تھی تاہم اس لڑائی کی اصل وجہ کا آج تک پتہ نہیں چل سکا۔
معارج نامی ایک صارف نے جب شعیب اختر سے محمد حفیظ کے اس بیان پر کہ ’بابر اعظم کو کپتانی کی ذمہ داری سونپنے سے ان کی بلے بازی متاثر نہیں ہوگی‘، پر تبصرہ کرنے کو کہا تو شعیب کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ ان (حفیظ) کا اندازہ درست ہو۔‘
I hope his gauge is true
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 16, 2019
سید سبان کریم نامی صارف نے جب شعیب سے پوچھا کہ وہ سیاست میں کیوں آ رہے ہیں؟ تو انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے اسے ایک ’افواہ‘ قرار دیا۔
Afwaah
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 16, 2019
سید سلیمان علی شاہ نے جب ان سے پوچھا کہ موجودہ کھلاڑیوں میں سب سے پسندیدہ بولر کون ہے تو شعیب اختر نے کہا ’ویراٹ کوہلی۔‘
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 16, 2019
اس پر صارفین نے ان کا خوب مذاق بنایا اور سہیل نامی صارف نے اس جواب پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ’بھائی کون سا مال پھُونکا ہے مجھے بھی بتاؤ، نیند نہیں آ رہی۔‘
اگرچہ کوہلی اپنی بیٹنگ کی وجہ سے مشہور ہیں تاہم بطور بولر بھی انہوں نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔ 2011 میں ایک وائڈ بال پر کیون پیٹرسن کی وکٹ حاصل کرکے وہ صفر بال پر وکٹ لینے والے پہلے بولر بن گئے تھے۔