انڈیا: پابندی کے شکار یوٹیوبر رنویر کو ’اخلاقی‘ شوز کی اجازت مل گئی

انڈیا کی سپریم کورٹ نے رنویر الہ آبادیہ کو ’اخلاقی اور شائستہ‘ مواد کی شرط پر شوز کرنے کی اجازت دے دی۔

رنویر الہ آبادیہ کو ایک یوٹیوب شو میں بطور مہمان نازیبا جملوں پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے (رنویر آلہ بادیہ/ انسٹاگرام)

انڈیا کی سپریم کورٹ نے پیر کو ایک پوڈ کاسٹر رنویر الہ آبادیہ کو اپنا شو دوبارہ نشر کرنے کی اجازت دے دی۔

تاہم ان پر شرط عائد کی گئی ہے کہ وہ ’اخلاقی اور شائستگی‘ کے معیار پر پورا اتریں گے۔ رنویر پر فحاشی کا الزام تھا۔

قبل ازیں عدالت نے اپنے حکم میں ان پر غیرمعینہ مدت کی پابندی لگائی تھی۔ تاہم پیر کو اس فیصلے میں نرمی کر دی گئی۔

معروف فٹنس انفلوئنسر اور پوڈ کاسٹر رنویر یوٹیوب پر بیئر بائسپس کے نام سے مشہور ہیں۔ انہوں نے ایک یوٹیوب شو ’انڈیا از گاٹ لیٹنٹ‘ کے دوران مقابلے میں شامل ایک شخص سے فحش سوال کیا تھا جس پر کئی لوگوں نے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی۔

پیر کو سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے رنویر کی درخواست پر سماعت کی جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف تمام مقدمات کو اکٹھا کر دیا جائے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’یہ اجازت اس شرط کے ساتھ دی جا رہی ہے کہ درخواست گزار تحریری طور پر یقین دہانی کرائے کہ اس کے پوڈ کاسٹ شوز شائستگی اور اخلاقیات کے معیار پر پورا اتریں گے تاکہ ہر عمر کے ناظرین اسے دیکھ سکیں۔ اس شرط کے تحت درخواست گزار کو ’دا رنویر شو‘ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔‘

31 سالہ رنویر، جن کے دو یوٹیوب چینلز پر تقریباً دو کروڑ سبسکرائبرز ہیں، اپنے مقبول پوڈ کاسٹ میں بولی وڈ سٹارز، کاروباری شخصیات اور وزرا کی میزبانی کر چکے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سپریم کورٹ کے جج سوریا کانت نے کہا کہ شو کو دوبارہ نشر کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے کیوں کہ ’280 ملازمین کے روزگار‘ کا انحصار اس کے نشر ہونے پر ہے۔

تاہم عدالت نے انہیں پابند کیا ہے کہ وہ کوئی ایسا شو نشر نہ کریں جو زیر سماعت مقدمے کے قانونی نکات پر ’اثر انداز‘ ہو سکتا ہو۔

رنویر کے وکیل نے پیر کو جاری کردہ عدالتی حکم پر تبصرے کی روئٹرز کی درخواست پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔ 

نیا عدالتی حکم اس کے تقریباً دو ہفتے بعد آیا جب عدالت نے انہیں اپنے شوز نشر کرنے سے روک دیا۔

گذشتہ سال رنویر نے سوشل میڈیا سٹارز کے ایک ایونٹ میں وزیرِاعظم نریندر مودی کے ساتھ سٹیج شیئر کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل