ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو پہلے فالو آن ہوا اور اب ایک مرتبہ پھر اننگز کی شکست کا سامنا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پہلی اننگز میں فالو آن کے بعد پاکستان دوسری اننگز میں بھی شدید مشکلات سے دو چار ہے اور اس کی ابتدائی تین وکٹیں صرف 39 رنز پر گر چکی ہیں، جبکہ اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 248 رنز درکار ہیں۔
اتوار کو ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 96 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو بابر اعظم اور یاسر شاہ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 105 رنز بنائے۔
بابر اعظم اپنے سینچری سے صرف تین رنز کی دوری پر آؤٹ ہو گئے لیکن یاسر شاہ کسی مایہ ناز بلے باز کی طرح کریز پر جمے رہے اور اپنے کریئر کی پہلی سینچری سکور کر ڈالی۔ تاہم ان کی سینچری بھی پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے میں ساز گار دکھائی نہیں دیتی۔
یاسر شاہ نے 213 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلوی کپتان نے دوبارہ بلے بازی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو ہی بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، جس کے بعد پاکستانی بلے بازوں نے پہلی اننگز جیسی ہی پرفارمنس دکھاتے ہوئے اپنے لیے مشکلات پیدا کر لیں۔
اس دوران بارش کی وجہ سے میچ بار بار متاثر بھی ہوا لیکن ساتھ ساتھ پاکستان کی وکٹیں بھی گرتی رہیں۔ امام الحق صفر، کپتان اظہر علی نو اور بابر اعظم آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تیسرے دن بارش کے باعث کھیل کا اختتام مقررہ وقت سے پہلے ہوا تو کریز پر شان مسعود اور اسد شفیق موجود تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں مچل سٹارک نے چھ جبکہ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ دوسری اننگز میں جاش ہیزل وڈ اب تک دو وکٹیں لے چکے ہیں۔