معذوری کا مسئلہ اجاگر کرنے کے لیے کوئٹہ میں تصویری نمائش

نمائش کی منتظم شازیہ بتول نے انڈپینڈنٹ اردو  کو بتایا کہ ہمارا مقصد معاشرے میں موجود ان افراد کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے جو ہر جگہ موجود ہیں لیکن بعض لوگوں کو نظر نہیں آتے۔  

معذوری کا درد کیا ہوتا ہے اور یہ مسئلہ کتنا بڑا ہے، اس حقیقت کو اجاگر کرنے کے لیے کوئٹہ میں تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

نمائش کی منتظم اور مصورہ شازیہ بتول کے مطابق یہ پہلی دفعہ ہے کہ معذور افراد کے مسائل کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔

کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں معذور افراد، سیاسی رہنماؤں اور سماجی رہنماؤں کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد  نے بھی شرکت کی۔

نمائش کی منتظم شازیہ بتول نے انڈپینڈنٹ اردو  کو بتایا کہ ہمارا مقصد معاشرے میں موجود ان افراد کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے جو ہر جگہ موجود ہیں لیکن بعض لوگوں کو نظر نہیں آتے۔  

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شازیہ کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ بریکنگ بیرئیر ویمن کے پلیٹ فارم سے ہم نے ایک مختلف تقریب کا انعقاد کیا۔ شازیہ کے بقول نمائش میں حصہ لینے والے مصوروں کا تعلق کوئٹہ کی یونیورسٹیوں  میں زیر تعلیم فائن آرٹ کے طلبہ سے ہے۔  

شازیہ بتول نے بتایا کہ اس نمائش سے قبل ہم نے تمام مصوروں کو جمع کرکے معذوروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا تاکہ وہ اسے کینوس پر اتار سکیں۔

شازیہ نے بتایا  کہ اس سے قبل جو پروگرام بھی منعقد کیے جاتے تھے ان میں لوگ تقریریں کرکے چلے جاتے ہیں لیکن ہماری تقریب میں لوگ معذوروں کے مسائل کو ان تصاویر کے ذریعے بھی جان رہے ہیں۔

شازیہ کے مطابق ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ معاشرے میں معذور افراد بھی توجہ کے مستحق ہیں اور ان کے لیے صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

وہاں موجود رکن بلوچستان اسمبلی ثنا اللہ بلوچ  کا کہنا تھا کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں جن کے مسائل کا حل بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

معذور تنظیموں کے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں  معذور افراد کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہے تاہم مردم شماری میں ڈیٹا جمع نہ ہونےکے بعد ان کی اصل  تعداد سامنے نہ آسکی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں  معذور آج بھی ملازمتوں کے  کوٹے میں اضافے اور سرکاری محکموں میں میرٹ کی پامالی کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں۔ 

شازیہ کے مطابق ہماری کوشش ہے کہ معذوروں کے حقوق کے حوالے سے ہر فورم پر آواز بلند کریں  تاکہ ان کے مسائل کے بارے میں لوگوں کو آگاہی حاصل ہو ۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی آرٹ