قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ایونٹ آئندہ سال 17 جنوری سے نو فروری تک جنوبی افریقہ میں جاری رہے گا۔
ورلڈ کپ کے لیے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھتے ہوئے اوپنر حیدر علی کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اس سے قبل 2004 بنگلہ دیش اور 2006 سری لنکا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کی فاتح رہ چکی ہے۔ پاکستان ایونٹ کے تین ایڈیشنز میں رنرز اپ بھی رہ چکا ہے۔
24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ آئندہ سال17 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کا فائنل بینونی کے جے پی مارک اوول میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے فاتح کا فیصلہ نو فروری کو ہوگا۔
پاکستان کا پہلا میچ 19جنوری کو سکاٹ لینڈ کے خلاف پوچیف سٹروم میں کھیلا جائے گا۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 22 جنوری کو زمبابوے کے خلاف بلوم فاؤنٹین میں کھیلے گی۔
گروپ مرحلے میں پاکستان کا آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہو گا۔ دونوں ٹیمیں 24 جنوری کو جے پی مارک اوول میں مدمقابل آئیں گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کے لیے نبرد آزمائی کریں گی۔ ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری کو ہو گا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر چار ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔سلیم جعفر، سربراہ قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی، نے کہا کہ ٹیم میں شمولیت کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے تاہم جن کھلاڑیوں کا نام شامل نہیں انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔
سربراہ جونیئر سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے میگا ایونٹ کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب کردہ کھلاڑیوں نے حال ہی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، امید ہے تمام کھلاڑی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
سلیم جعفر نے کہا کہ عامرخان، آرش علی خان اور محمد حریرہ کے علاوہ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی اس سے قبل رواں سال قومی جونیئر ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
تین کھلاڑی، عماد بٹ، اختر شاہ اور صائم ایوب، انجریز کے باعث سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔
پاکستانی انڈر 19 سکواڈ: عبدالواحد بنگلزئی، حیدر علی، محمد شہزاد، محمد حارث، محمد حریرہ، محمد عرفان خان، وکٹ کیپر روحیل نذیر(کپتان)،عباس آفریدی، فہد منیر، قاسم اکرم، عامر علی اور آرش علی خان، عامر خان، نسیم شاہ اور طاہر حسین۔