فن لینڈ کی وزیر ٹرانسپورٹ اور رکن پارلیمنٹ سنا مارین کم عمر ترین وزیر اعظم بننے جا رہی ہیں۔ وہ ملک کی تیسری خاتون رہنما ہوں گی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فن لینڈ کی حکمران سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے اتوار کو 29 کے مقابلے میں 32 ووٹوں سے 34 سالہ سنا مارین کو ان کے مخالف امیدوار انتی لنڈمین پر برتری دلواتے ہوئے وزارت اعظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہونے والے انتی رینی کے متبادل کے طور پر منتخب کر لیا۔
اپریل میں ہونے والے انتخابات میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ملک کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھری تھی جس کے بعد وہ 55 لاکھ آبادی کے اس ملک کے لیے اپنی جماعت سے تعلق رکھنے والے وزیر اعظم کو نامزد کرنے کی مجاز تھی۔
سنا مارین اس جماعت کی نائب چئیروومن ہیں جو 2015 سے قانون ساز اسمبلی کا حصہ ہیں اور رواں ہفتے تک ٹرانسپورٹ اور مواصلات کی وزیر کی ذمہ داریاں ادا کرتی رہی ہیں۔ فن لینڈ کے سب سے بڑے اخبار’ ہیلسنگن سانومت‘ اور ٹیبلائڈ’ایلتا سانومت‘ کے مطابق سنا مارین عہدے پر موجود دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم ہوں گی۔
فن لینڈ اس سال کے آخر تک یورپی یونین کی صدارت کا عہدہ بھی رکھتا ہے۔ یہ عہدہ صدارت یورپی یونین کے ارکان کے درمیان منتقل ہوتا رہتا ہے۔
فن لینڈ کے ارکان پارلیمان سنا مارین کی حکومت کے جلد قیام کی منظوری دے سکتے ہیں جس کے بعد وہ 12 اور 13 دسمبر کو ہونے والے یورپی یونین رہنماؤں کے سمٹ میں ملک کی نمائندگی کر سکیں گی۔
مستعفی ہونے والے وزیر اعظم انتی رینی نے منگل کو اتحادی جماعت سینٹر پارٹی کی حمایت کھونے کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ سینٹر پارٹی نے ان کی قیادت پر اعتماد نہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ سینٹر پارٹی کی جانب سے رینی کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھی تنقید کی گئی تھی جب ملک بھر میں ریاست کے ملکیتی پوسٹل سروس نے دہ ہفتے کی ہڑتال کی تھی جس کا دائرہ دوسرے محکموں تک بھی پہنچ گیا تھا جن میں فن لینڈ کی قومی ائیرلائن فن ائیر بھی شامل ہو گئی تھی۔
رینی کے استعفے کے بعد ان کی حکومت میں شامل بڑی اتحادی جماعتوں سوشل ڈیموکریٹس اور سینٹر پارٹی اور چھوٹی جماعتوں دا گرینز، دا لیفٹ الائنس اور سویڈش پیپلز پارٹی آف فن لینڈ پر مبنی اتحاد نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔
اتوار کو سوشل ڈیموکریٹس اور چار اتحادی جماعتوں نے اعلان کیا کہ وہ اپریل انتخابات میں اعلان کردہ اپنے منشور پر عمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور سنا مارین کی حکومت میں اس پر عمل جاری رکھیں گی۔ نئی حکومت کو 200 ارکان کی پارلیمنٹ میں 117 سیٹوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہو گی۔
سنا مرین کی انتخاب کے بعد فن لینڈ کی اتحادی حکومت میں شامل پانچوں جماعتوں کی سربراہ خواتین ہیں جس کو دنیا بھر سراہا جا رہا ہے۔
Finland’s government is now led by these five party leaders. #newgeneration pic.twitter.com/vis0qB9tO8
— Tuomas Niskakangas (@TNiskakangas) December 8, 2019
اقتدار سنبھالنے پر سنا مارین عہدے پر قائم دنیا کی کم عمر تیرین وزیراعظم ہوں گی۔ نیو زی لینڈ کی جسنڈا آرڈن 39 سال کی ہیں جبکہ یوکرین کے وزیراعظم اولکسی ہونچارک کی عمر 35 ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنا مارین نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا : ’ ہم نے اعتماد کی بحالی کے لیے بہت کام کرنا ہے۔ ہمارا ایک اتحادی حکومتی منصوبہ ہے جو ہمارے اتحاد کو جوڑ کے رکھتا ہے۔‘