’ایڈا تُو ٹوئٹر کا رکھوالا‘

ریپ اور خواتین پر جنسی حملوں کے حوالے سے ٹویٹس پر ٹرول کرنے والوں کو اداکارہ ارمینہ خان کا کرارا جواب۔

ارمینہ خان ٹوئٹر پر کافی سرگرم ہیں (تصویر ارمینہ خان انسٹاگرام اکاؤنٹ)

پاکستانی اداکارہ ارمینہ خان ٹوئٹر پر کافی سرگرم ہیں اور مختلف سماجی مسائل خصوصاً ریپ اور جنسی تشدد پر آواز اٹھاتی ہیں، لیکن یہ آواز کچھ لوگوں کو گراں گزرتی ہے اور وہ انہیں ٹرولنگ کا نشانہ بناتے ہیں۔

ارمینہ بھی ان لوگوں کو بھرپور جواب دیتی ہیں اور ٹوئٹر پرایک میدانِ جنگ کا سماں ہوتا ہے۔

حال ہی میں ارمینہ نے کچھ تصاویر کے ذریعے خواتین کو سکھانے کی کوشش کی کہ جنسی حملے کے نتیجے میں کسی مرد کو کیسے زیر کیا جاتا ہے اور خواتین کیسے اپنا دفاع کرسکتی ہیں۔

اس ٹویٹ پر بہت سے لوگوں نے منفی ردعمل دکھایا، لیکن اصل بحث اس وقت شروع ہوئی جب ارمینہ نے ٹرول کرنے والے ایک ٹوئٹر صارف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’اس نوجوان کا خیال ہے کہ 99.99 فیصد ریپ متاثرین خود اپنے ساتھ جنسی زیادتی کی دعوت دیتے ہیں۔ میں بھی اس میں شامل ہوں کیونکہ میں ان کی دنیا میں فٹ نہیں بیٹھتی۔ یہ انسان کل کو ایک شوہر اور باپ بنے گا۔‘

اس ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے شکیل ملہی نامی ایک صارف نے ارمینہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے باپ، بھائی اور شوہر کو سمجھائیں اور ٹوئٹر پر ان کو لیکچر دیں۔

بس پھر کیا تھا، ارمینہ نے بھی ان صاحب کو جواب دیا: ’مجھے بھائی، باپ اور شوہر کو شامل کرنے کی ضرورت نہیں۔ میں ہی تمہارے جیسے چوزے کے لیے کافی ہوں۔ میں ایک باکسر ہوں، ایسی پھینٹی چڑھاؤں گی کہ دادا یاد آجائے گا۔ مجھے دھمکی دینے کی کوشش مت کرنا! ایڈا تُو ٹوئٹر کا رکھوالا۔‘

ارمینہ کی اس غصے بھری ٹویٹ پر کچھ لوگوں نے انہیں اس قسم کے لوگوں کو نظر انداز کرنے کا مشورہ دیا تو کچھ نے ان کی ہمت بندھائی۔ 

کچھ لوگ ایسے بھی تھے جو اس تمام گفتگو کا مزہ لیتے رہے، جن کا خیال تھا کہ کوئی ’ایکش سین‘ بھی نظر آنا چاہیے۔

ٹوئٹر پر یہ ساری بحث اپنی جگہ، لیکن ارمینہ کے ڈائیلاگ ’ایڈا تُو ٹوئٹر کا رکھوالا‘ کو کسی منچلے نے بہت ہی سنجیدگی سے لیا اور سفید رنگ کی ٹی شرٹ پر اداکارہ کی تصویر کے اوپر ’ایڈا تو ٹوئٹر دا رکھوالا‘ کا جملہ پینٹ کردیا، جو ارمینہ کو بے حد پسند آیا اور انہوں نے اسے ری ٹویٹ بھی کیا۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل