اگر آپ کو ملازمت کی تلاش ہے تو ملکہِ برطانیہ کے محل میں ایک خاص بھرتی کی جا رہی ہے اور کام ہے ملکہ الزبتھ کے سوشل اکاؤنٹس چلانا۔
اس نوکری کے لیے قابلیت صرف اتنی ہے کہ آپ سوشل میڈیا میں مہارت رکھتے ہوں کیوں کہ ملکہ کو اپنا ٹوئٹر ہینڈل اور انسٹاگرام اکاؤنٹ چلانے کے لیے ایک ماہر کی ضرورت ہے۔
شاہی خاندان کی جانب سے دیے گئے اشتہار میں اس عہدے کو ’ہیڈ آف ڈیجیٹل انگیجمنٹ‘ کا نام دیا گیا ہے اور وہ ایسا ملازم ہوگا جو سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو ملکہ برطانیہ کی موجودگی کا احساس دلانے میں مدد دے گا۔
لنکڈاِن پر جاری پوسٹ میں کہا گیا ’یہ جانتے ہوئے کہ آپ کے مواد کو لاکھوں افراد دیکھ پائیں گے، ہم بکنگھم محل کے لیے ایک ہیڈ آف ڈیجیٹل انگیجمنٹ بھرتی کر رہے ہیں۔ آپ یہاں درخواست دے سکتے ہیں۔‘
پوسٹ جاری ہونے کے فوری بعد 200 سے زیادہ امیدواروں نے اس میں دلچسپی ظاہر کی۔
اس ملازمت کے لیے سالانہ تنخواہ 45 ہزار سے 50 ہزار پاؤنڈز ہو گی جس کا انحصار امیدوار کے تجربے پر ہو گا جبکہ کامیاب امیدوار کی ذمہ داریوں میں شاہی خاندان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو دیکھنا، ڈیجیٹل حکمت عملی بنانا اور ڈیجیٹل میڈیا کی ایک چھوٹی ٹیم تشکیل دینا شامل ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کامیاب امیدوار ہر ہفتے پیر سے جمعے تک اپنے فرائض سرانجام دے گا اور وہ شاہی مصروفیات، شاہی خاندان کے غیرملکی دورے اور ایوارڈ کی تقریبات کور کرے گا۔
اس ملازمت کی دیگر مراعات میں روزانہ دوپہر کا مفت کھانا اور سال میں 33 چھٹیاں شامل ہیں۔
اشتہار میں مزید کہا گیا ’مستقبل پر نظر رکھتے ہوئے آپ نئی ٹیکنالوجیز کو سمجھنے اور تخلیقی صلاحیتوں کو متحرک کر کے ہمارے ڈیجیٹل مواصلات کو تشکیل دینے اور اس میں بہتری کے لیے کام کریں گے۔‘
’ہمارے کام پر ہمیشہ اعلیٰ پائے کا ردعمل آتا ہے اور اس لیے شہرت اور اثر آپ کے سبھی کاموں میں سب سے آگے ہوں گے اور دنیا بھر میں آپ کے مواد کا شیئر ہونا آپ کا سب سے بڑا انعام ہوگا۔‘
شاہی خاندان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں انسٹاگرام پر 69 لاکھ، ٹوئٹر پر 41 لاکھ فالوورز جبکہ فیس بک پر تقریباً 50 لاکھ لائیکس شامل ہیں۔
اس عہدے کے لیے درخواستیں 24 دسمبر تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ شاہی محل میں ٹکٹوں کی فروخت اور معلومات کے لیے ایک معاون، ایک سینئیر آئی ٹی آڈیٹر اور شاہی سفر کے لیے ایک ڈائریکٹر کی آسامیاں بھی خالی ہیں۔
ملکہِ برطانیہ نے اپنا پہلا ٹویٹ 2014 میں لندن کے سائنس میوزیم کا دورہ کرتے ہوئے کیا تھا۔ اس موقعے پر ملکہ نے لکھا تھا: ’آج سائنس میوزیم میں انفارمیشن ایج کی نمائش کا افتتاح خوشی کی بات ہے اور مجھے امید ہے کہ لوگ اس سے لطف اٹھائیں گے۔‘
اس پوسٹ کو 42 ہزار سے زیادہ لائیکس اور 36 ہزار سے زیادہ ری ٹویٹس ملی تھیں۔
© The Independent