عمر اکمل کی ڈبل سنچری، سینٹرل پنجاب کی پوزیشن مضبوط

ناردرن تاحال 312 رنز کے خسارے کا شکار، مشکلات کا شکار ناردرن نے دوسری اننگز میں بھی دووکٹیں گنوادیں۔

عمراکمل نےآج اپنے فرسٹ کلاس کیرئیر کی دوسری اور مجموعی طور پر ایونٹ کی آٹھویں ڈبل سنچری سکور کی (پی سی بی)

 کراچی میں کھیلے جا رہے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں ناردرن کی ٹیم دوسری اننگز میں سینٹرل پنجاب کے  خلاف تاحال 312 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔

نیشنل سٹیڈیم میں میچ کے  تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ناردرن نے دووکٹوں کے نقصان پر109 رنز بنالیے،  حیدر علی 50 اور فیضان ریاض صفر کے سکور سے میچ کے چوتھے روز کاآغاز کریں گے۔

آج ناردرن کے اوپنر ذیشان ملک نے حیدر علی کے ہمراہ 75 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم وہ 38کے انفرادی سکور پر ہمت ہار گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 تجربہ کار بلے باز عمر امین (17 رنز) بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 109 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

اس سے قبل ناردرن کے 254 رنز کےجواب میں  پنجاب نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 675 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ پنجاب کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز عمراکمل نے اپنے فرسٹ کلاس کیرئیر کی دوسری اور مجموعی طور پر ایونٹ کی آٹھویں ڈبل سنچری سکور کی۔

 عمرکی 265گیندوں پر 218رنز کی شاندار اننگز میں 20 چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے۔ انہوں نے چھٹی وکٹ کے لیے  ظفر گوہر کے ہمراہ 215 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ ظفر گوہر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ وہ 12 چوکوں اوردو چھکوں کی مدد سے 99رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

 دونوں کھلاڑیوں نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 466 رنز سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کیا تھا۔

عمر اور ظفر  کے آؤٹ ہونے کے بعد بلال آصف اور فہیم اشرف نے  پنجاب کی جانب سے کریز سنبھالی۔ بلال 15گیندوں پر 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے  تو پنجاب نےناردرن کے خلاف421 رنز کی برتری پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔

ناردرن کی جانب سےکپتان نعمان علی ،موسیٰ خان اور  فیضان ریاض نے دو ،دوکھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل ناردرن کی ٹیم میچ کے پہلے  روز پہلی اننگز میں 254 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پریس ریلیز

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ