بیٹی آل راؤنڈر تو ماں امپائر

ویمنزٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں کائنات امتیاز بطور کھلاڑی اور والدہ سلیمہ امتیاز بطور امپائر شریک ہیں۔

ماں امپائر، بیٹی آل راؤنڈر (فیس بک)

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری سہ فریقی قومی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک ماں اور بیٹی ایکشن میں نظر آ رہی ہیں۔

آٹھ روزہ ایونٹ میں آل راؤنڈر کائنات امتیاز پی سی بی ڈائنامائٹس کی نمائندگی کر رہی ہیں تو اسی ٹورنامنٹ میں ان کی والدہ سلیمہ امتیاز امپائر کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

پی سی بی کے ایک بیان کے مطابق بیٹی اور والدہ کی ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شرکت شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

گیارہ ایک روزہ اور 12 ٹی ٹونٹی میچوں میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والی آل راؤنڈر کائنات امتیاز کا کہنا ہےکہ کرکٹ انہیں وراثت میں ملی  ہے اور وہ والدہ کی کھیل سے لگن سے بہت متاثر ہیں۔

ستائیس سالہ کرکٹر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ ان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جو کرکٹ کا ذوق رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ والدہ ان کے لیے مشعل راہ ہیں۔

کائنات امتیاز نے کہا کہ وہ کبھی بھی ڈومیسٹک کرکٹ میچ میں والدہ کی امپائرنگ کے دوران نہیں کھیلیں لیکن مقامی میچوں میں والدہ کی امپائرنگ کےدوران وہ ہمیشہ میدان میں دباؤ کا شکار رہتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ والدہ ان کی سب سے اچھی دوست ہونے کے ساتھ ساتھ سب سے بڑی ناقد بھی ہیں۔ کائنات امتیاز نے کہا کہ فی الحال انہوں نے امپائرنگ کا شعبہ اختیار کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا مگر وہ پرامید ہیں کہ اس خاندان کی آئندہ نسلیں بھی کرکٹ سے جڑی رہیں گی۔

سلیمہ امتیاز کا کہنا ہےکہ کرکٹ سے انہیں محبت کی حد تک لگاؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانا ان کا خواب تھا مگراس کو حقیقت کا روپ ان کی بیٹی کائنات امتیاز نے دیا، جس پر انہیں فخر ہے۔ سلیمہ امتیاز نے کہا کہ ان کی فیملی کے لیے کرکٹ ہی سب کچھ ہے۔

48 سالہ امپائر کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2006 میں امپائرنگ کو بطور پروفیشن اپنایا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی سلیمہ امتیاز کا کہنا ہے کہ ان کے دوست اور رشتہ دار انہیں اور کائنات کو ایک ہی میچ میں ایکشن میں دیکھنے کے لیے بیتاب رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا حلقہ احباب والدہ اور بیٹی کی اس منفرد آن فیلڈ کہانی میں بہت دلچسپی لیتا ہے۔

سلیمہ امتیاز نے کہا کہ کائنات امتیاز کو گراؤنڈ میں کھیلتا دیکھ کر انہیں بہت حوصلہ ملتا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ ویمنز کرکٹ سے ان کے خاندان کا یہ ناطہ جڑا رہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ