خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور نے صوبائی حکومت اور پاکستان میڈیکل کونسل (پی ایم سی) اسلام آباد (سابق پی ایم ڈی سی) کی منظوری سے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی مخصوص نشستیں دگنی ہونے کے بعد ان اضافی شدہ نشستوں پر سیشن 20-2019 کے لیے پلیسمنٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
اس اعلان کے مطابق ڈبل کی گئیں قبائلی اضلاع کی نشستوں پر میرٹ کم چوائس کی بنیاد پر پلیسمنٹ منگل 21 جنوری کو صبح نو بجے کے ایم یو کے ملٹی پرپز ہال میں ہوگی۔
کے ایم یو ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات میں کہا گیا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع (سابق فاٹا) کے طلبا وطالبات کے لیے صوبے اور ملک بھر کے طبی اداروں میں مخصوص نشستیں ڈبل کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے2017 میں کیا تھا، البتہ اس فیصلے کی حتمی منظوری حال ہی میں صوبائی حکومت اور پی ایم سی نے دی ہے، جس کے بعد کے ایم یو نے ان مخصوص نشستوں پر صوبائی حکومت کی پالیسی اور پی ایم سی کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں داخلہ شیڈول کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پنجاب میں سابق فاٹا کے طلبہ کے لیے 17 نشستیں مخصوص تھیں جن کو دگنا کرکے 34 کر دیا گیا ہے۔ ان اضافی نشستوں پر یہ داخلے شیخ زاید میڈیکل کالج رحیم یارخان، سرگودھا میڈیکل کالج، نواز شریف میڈیکل کالج گجرات، ساہیوال میڈیکل کالج، گوجرانوالہ میڈیکل کالج، ڈی جی خان میڈیکل، خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ، ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہور، نشتر انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹسٹری ملتان اور ڈینٹل سیکشن پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد میں دیے جائیں گے۔
کشمیر اور سندھ میں مخصوص تین اور چار نشستوں کو بھی ڈبل کرکے بالترتیب چھ اور آٹھ کر دیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں اضافی نشستوں پر داخلے کے ایم سی اور اے ایم سی کے سوا صوبے کے باقی تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں میرٹ کم چوائس کی بنیاد پر دیے جائیں گے، جس کے لیے ضم شدہ ہر قبائلی ضلع (سابق ایجنسی) سے میرٹ لسٹ کے ٹاپ 45 طلبا و طالبات اور ایف آر کوہاٹ اور ایف آر پشاور کے لیے ٹاپ 12 جب کہ باقی سابق ایف آرز (سب ڈویژن) کے لیے 10، 10 امیدواران کو کے ایم یو ایڈمشن ویب سائٹ (www.kmuadmissions.pk) پر موجود فارم میں دی گئی چوائسزکی ترجیحات پُر کرکے یہ فارم اپنے ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فارم میں مطلوبہ ترجیحات نہ دینے یا چوائس فارم جمع نہ کرانے کی صورت میں ایسے امیدواران کی سابق ترجیحات کی فہرست کو حتمی تصور کیا جائے گا جس پر پلیسمنٹ کمیٹی اپنی صوابدید پر داخلہ چوائس دینے کی مجاز ہوگی۔