بلوچستان سکیورٹی خدشات: تین جامعات بند، آن لائن کلاسز کی ہدایت

پاکستان کے بد امنی کے شکار صوبے بلوچستان میں حالیہ ہفتوں کے دوران تین یونیورسٹیوں کو’سکیورٹی خدشات‘ کی بنا پر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 

12 مارچ 2025 کو صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی میں ایک ریلوے سٹیشن پر نیم فوجی دستے پہرہ دے رہے ہیں (بنارس خان / اے ایف پی)

پاکستان کے بد امنی کے شکار صوبے بلوچستان میں حالیہ ہفتوں کے دوران تین یونیورسٹیوں کو’سکیورٹی خدشات‘ کی بنا پر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 

منگل کو ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ یہ فیصلہ خطے میں علیحدگی پسندوں کے حملوں میں اضافے کے باعث کیا گیا۔

صوبائی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گذشتہ ہفتے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی دو یونیورسٹیوں کو ’غیر معینہ مدت کے لیے‘ بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا، جب کہ منگل کو تیسری یونیورسٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن کلاسز شروع کر دے۔

اہلکار نے مزید بتایا کہ ’یہ فیصلہ مجموعی سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’سکیورٹی خدشات کے باعث فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ حکم تک تعلیمی سرگرمیاں آن لائن جاری رہیں گی۔‘

اہلکار کے مطابق یونیورسٹیوں کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ عید کے بعد کیا جائے گا، جو تقریباً دو ہفتے بعد ہے۔ اس فیصلے سے ہزاروں طلبہ متاثر ہوں گے۔

حالیہ دنوں میں علیحدگی پسندوں کی جانب سے تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شہر میں سڑکوں پر سکیورٹی فورسز کی تعداد بڑھا دی گئی جب کہ مختلف مقامات پر اضافی چوکیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔

گذشتہ ہفتے، بلوچ علیحدگی پسندوں نے 450 مسافروں کو لے جانے والی ریل گاڑی پر حملہ کیا جس کے بعد دو دن تک اس کا محاصرہ جاری رہا اور اس دوران درجنوں افراد جان سے گئے۔

مزید برآں اتوار کو خودکش حملے میں کم از کم پانچ سکیورٹی اہلکار اس وقت جان سے گئے جب ایک گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔

ان حملوں کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی جو متعدد علیحدگی پسند تنظیموں میں سے ایک ہے۔ یہ تنظیمیں افغانستان اور ایران کی سرحدوں کے قریب واقع بلوچستان کے قدرتی وسائل کی لوٹ مار کا الزام عائد کرتی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان