اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پِمز) میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے لیے خصوصی وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔
پِمز ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم خواجہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فی الحال خصوصی وارڈ میں 10 بستروں کا انتظام ہے اور ضرورت پڑنے پر ان کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
چین کے شہر ووہان میں کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد سے دنیا بھر کے ملک چین سے آنے والے مسافروں کو کڑی نگرانی اور تفصیلی معائنوں کے بعدہی گھروں کو جانے دے رہے ہیں۔
یہی صورتحال پاکستان میں بھی ہے، البتہ ملک میں تاحال کسی شہری کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
حکام کے مطابق قومی سطح پر ہیلپ لائنز اور نگرانی کے علاوہ وائرس کی نشاندہی کی ٹیکنالوجی اور اس سے ممکنہ متاثرین کے علاج کی تیاریاں جاری ہیں۔
ڈاکٹر وسیم خواجہ کے مطابق ان کے ہسپتال کا خصوصی وارڈ قومی ادارۂ صحت کی نگرانی، تعاون اور ہدایات کے تحت کام کرے گا۔ اس سلسلے میں عالمی ادارۂ صحت کی رہنمائی بھی شامل رہے گی جس نے کرونا وائرس کی وبا کر عالمی ایمرجنسی قرار دے رکھا ہے۔