محبت کی دکان

قسمت کی کرنی دیکھیں، اس دفعہ ویلنٹائن ڈے جمعے کو آن ٹپکا ہے۔ اب بندہ جمعہ پڑھے یا حیا ڈے کے پوسٹر بانٹے۔ ہمارے بھائی سخت پریشان ہیں۔

ہم تو یہی کہیں گے، جن کا ویلنٹائن ہے وہ ان سب کا کاروبار چمکائیں اور جو اس سہولت سے محروم ہیں وہ حسبِ استطاعت حیا ڈے کے پوسٹر چھپوائیں اور گرلز کالج کے باہر بانٹیں (اے ایف پی فائل)

 

سیانے کہتے ہیں بات موقع کی مناسبت سے کرنی چاہیے۔ ہم سے ایسا کبھی نہیں ہو سکا۔ اب یہی دیکھ لیں کہ محبت کا ذکر ہم محبت کے دن سے دو روز پہلے کر رہے ہیں۔ کیا کریں، ایک تو ہمارا بلاگ بدھ کو چھپتا ہے، دوسرا اس دن محبت کا ذکر کریں گے تو بے حیا کہلائیں گے۔ اس لیے ہم آج ہی اپنی دکان لگا رہے ہیں۔

یہ گُر ہم نے کاروباری حضرات سے سیکھا ہے۔ ذرا غور کریں، انہوں نے پاکستان میں ناقابلِ قبول بلیک فرائڈے کو کیسے گھر گھر پہنچایا۔ دنیا بھر میں بلیک فرائڈے کا مطلب سال کی سب سے بڑی سیل ہے جبکہ ہمارے ہاں فرائڈے کے ساتھ بلیک کا لفظ دیکھ کر ہی لوگ آگ بگولہ ہو جاتے ہیں۔ اب کاروبار تو کرنا ہے، سیل بھی لگانی ہے، پیسہ بھی بنانا ہے اور عوام کو بھی راضی رکھنا ہے تو بس فرائڈے کے ساتھ لگا بلیک ہٹایا اور اس کی جگہ وائٹ، گرین اور بلیسڈ لگا دیا۔ ہم بھی عوام کو آج یہی چونا لگا رہے ہیں، بس فرق اتنا سا ہے کہ بتا کر لگا رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایسا کرنے والے ہم اکیلے تھوڑی ہیں، اس صدی کے تمام سیانے ایسا ہی کرتے ہیں۔ کچھ تو ایسے بھی ہیں جو ویلنٹائن ڈے کی ڈیٹ دو تین دن پہلے ہی مار لیتے ہیں اور ویلنٹائن ڈے پر حیا ڈے ریلی میں بھی شریک ہو جاتے ہیں۔

ایسا ہی کچھ ہمارا وہ ننھا منا نیا نویلا شادی شدہ جوڑا بھی کر ریا ہے۔ ان کے والدین مان گئے، ان کی شادی ہو گئی، اب سب کو جلدی نکاح اور اپنی ہی محبت سے شادی کی تلقین کر رہے ہیں۔ میڈیا والے بھی ہاتھ منہ دھو کر ان کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔ بھائی وہ پہلے تھوڑی ہیں جنہوں نے نکاح کیا ہے، ان سے پہلے بھی نکاح ہوتے تھے اور آگے بھی ہوتے رہیں گے۔ ابھی بھی بہت سے لوگ ہیں جو جس سے محبت کرتے ہیں، اسی کو ڈیٹ کرتے ہیں اور اسی سے نکاح بھی پڑھوا لیتے ہیں۔ انہوں نے کیا انوکھا کر دیا؟ یہ تو انوشکا شرما والا حساب ہو گیا۔ اس بے چاری نے شادی کیا کی، بھارتی میڈیا نے اسے ٹرینڈ سیٹر بنا دیا۔ شاہ رخ خان روتا رہ گیا کہ تم سب کو ہماری شادیاں نہیں نطر آتیں؟ ایشویریہ کی شادی بھول گئے؟ انوشکا نے کون سی انوکھی شادی کر لی لیکن نہیں بھارتی میڈیا کے لیے انوشکا شرما ٹرینڈ سیٹر ہے۔

ویلنٹائن کا بھی ایسا ہی معاملہ ہے۔ شادی سے پہلے اسے حرام سمجھو اور شادی کے بعد حلال سمجھتے ہوئے پھولوں سجے بیڈ کی تصاویر انسٹاگرام پر چڑھاؤ۔  

ایسے ہی کچھ بہن بھائی دو دن سے ٹوئٹر پر ’نکاح کرو، زنا نہیں‘ کا ہیش ٹیگ چلا رہے ہیں۔ اس کی منطق بھی ہم آپ کو سمجھا دیتے ہیں۔ اب دیکھیں ویلنٹائن ڈے پر ڈیٹ کی جگہ نکاح ہو گا تو کس کس کا فائدہ نہیں ہو گا۔۔۔ شادی ہال والا تو پیسے بنائے گا ہی، سجاوٹ والا بھی اپنا پیٹ بھر لے گا۔ اس کے بعد کیٹرنگ والے کی باری آئے گی اور پھر ہمارے پیارے مولوی صاحب بھی تو ہیں۔ کچھ تو ان کا بھی خیال کریں۔ نکاح پڑھوائیں اور پھر جہاں ڈیٹ کرنی ہے کریں۔

کچھ دکاندار یہی بات صاف انداز میں کرتے ہیں۔ یہ نکاح نامہ نہیں چیک کرتے، بس بٹوہ دیکھتے ہیں۔ ان میں سرِ فہرست پھول فروش ہیں۔ ان کی دکانیں ویلنٹائن ڈے پر صبح سویرے ہی سج جاتی ہیں۔ کچھ دیر بعد غبارے والا بھی دل کی شکل کے غبارے لیے چوک پر کھڑا ہو جاتا ہے۔ ریستوران مہینہ پہلے سے ہی ویلنٹائن سپیشل مینیو کی تشہیر شروع کر دیتے ہیں جبکہ گھر گھر بیٹھے بیکرز بھی ویلنٹائن سپیشل کیک بنانے کا اعلان کر دیتے ہیں۔ ابھی کل ہی فیس بک پر ایسی ہی ایک بیکر کا ہاؤس فل بورڈ دیکھا، دل خوش ہو گیا، وطنِ عزیز میں محبت کرنے والے ابھی باقی ہیں۔

ہم تو یہی کہیں گے، جن کا ویلنٹائن ہے وہ ان سب کا کاروبار چمکائیں اور جو اس سہولت سے محروم ہیں وہ حسبِ استطاعت حیا ڈے کے پوسٹر چھپوائیں اور گرلز کالج کے باہر بانٹیں۔

قسمت کی کرنی دیکھیں، اس دفعہ ویلنٹائن ڈے جمعے کو آن ٹپکا ہے۔ اب بندہ جمعہ پڑھے یا حیا ڈے کے پوسٹر بانٹے۔ ہمارے بھائی سخت پریشان ہیں۔

پریشان تو خیر ہم بھی ہیں۔ کرونا نے سب کو گوشہ نشین بنا دیا ہے۔ اب ڈیٹ کا کس منہ سے پوچھیں اور کس طرح خود کو ہاسٹل سے نکلنے پر آمادہ کریں۔ باہر جاتے ہوئے ماسک پہننا بھی ضروری ہے، اب ماسک پہنے منہ کے ساتھ کون سی ڈیٹ اور کون سا رومان؟ کچھ بھلے چینی ماسک سے ماسک جوڑے ہی دل کو تسلی دے رہے ہیں، ایسی آدھی ادھوری محبت ہمیں پسند نہیں، ویسے بھی ہم کافروں کی تقلید کرنا گناہ سمجھتے ہیں۔

بس جسے ویلنٹائن منانا ہے منائے، ہم دکان بند کر کے چلے۔ خدا حافظ۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ