’آپ زور دیں گے تو کوئٹہ کا نام بدل کر چارسدہ گلیڈی ایٹرز رکھ دوں گا‘

کوئٹہ گلیدی ایٹرز کی انتظامیہ نے گذشتہ دنوں اپنی نئی کٹ کی نمائش کی، جس میں ٹیم کے دو کھلاڑیوں اور چار آفیشلز نے تو شرکت کی لیکن کوئی سرکاری عہدیدار اس تقریب میں شامل نہیں ہوا۔

بلوچستان کے محکمہ کھیل کے حکام نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کٹ کی تقریب رونمائی کا بائیکاٹ بھی کیا (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز/فیس بک)

پاکستان سپر لیگ کے دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیدی ایٹرز کی انتظامیہ نے گذشتہ دنوں اپنی نئی کٹ کی نمائش کوئٹہ کے ایک شاپنگ مال میں کی، جس میں ٹیم کے دو کھلاڑیوں اور چار آفیشلز نے تو شرکت کی لیکن کوئی سرکاری عہدیدار اس تقریب میں شامل نہیں ہوا۔

اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز کا انعقاد پاکستان میں ہی  ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں 20 فروری سے کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میچز کھیلے جائیں گے۔

جہاں دیگر ٹیمز کی جانب سے بھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور کٹس کی نمائش کی جا رہی ہے وہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی اپنی کٹ کی نمائش کوئٹہ میں کی۔

تاہم اس موقعے پر بلوچستان کے سرکاری عہدیدار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ اور مالکان سے ناراض دکھائی دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام سے شامل ٹیم کو کوئٹہ کا نام دیا گیا ہے لیکن اس میں کوئٹہ سے صرف ایک کھلاڑی کو شامل کیا گیا ہے۔ 

اس حوالے سے بلوچستان کے محکمہ کھیل کے حکام نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کٹ کی تقریب رونمائی کا بائیکاٹ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تقریب سے قبل صوبائی سیکرٹری سپورٹس عمران گچکی کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کوئی بھی سرکاری اہلکار اس تقریب میں شریک نہیں ہو گا۔

عمران گچکی کے بیان کے مطابق کوئٹہ  گلیڈی ایٹرز انتظامیہ کا صرف تین گھنٹے کے لیے کوئٹہ آ کر شرٹ کی نمائش کرنا کھلاڑیوں کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔ 

اس سلسلے میں جب انڈپینڈنٹ اردو نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس درا بلوچ سے رابطہ کیا تو وہ بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں کوئٹہ سے کم کھلاڑیوں کو شامل کرنے پر کافی نالاں دکھائی دیے۔

درا بلوچ نے کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سے کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے پر ہم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک سے شکوہ کیا ہے۔

’جب ہم نے گلیڈی ایٹرز کے مالکان پر زور دیا کہ وہ کوئٹہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو شامل کریں تو وہ کہنے لگے کہ اگر آپ زیادہ زور دیں گے تو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا نام تبدیل کر کے چارسدہ گلیڈی ایٹرز رکھ دوں گا۔‘

واضح رہے کہ اس سے  قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کوئٹہ سے دو کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا جن میں جلات خان اور بسم اللہ خان شامل ہیں جبکہ اس مرتبہ عبدالناصر کو شامل کیا گیا ہے۔

اس صورت حال میں بلوچستان حکومت نے پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے اور کوئٹہ میں میچ نہ کرانے پر صوبائی سطح پر کوئٹہ پریمیئر لیگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران گچکی کہتے ہیں کہ کوئٹہ پریمئر لیگ میں کرکٹ کے کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع ملیں گے اور وہ ثابت کر سکیں گے کہ وہ پاکستان سپر لیگ سمیت کسی بھی ٹیم کا حصہ بننے کے اہل ہیں۔ 

سیکرٹری کھیل کے مطابق جب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سیزن فور میں فاتح بنی تو کوئٹہ آمد پر نہ صرف شاندار استقبال کیا گیا بلکہ شہر میں جشن کا سماں تھا۔

مگر اس مرتبہ انہیں ایئرپورٹ پر بھی کوئی سرکاری اہلکار نہیں لینے گیا۔

محکمہ کھیل کے حکام نے یہ شکوہ بھی کیا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کوئٹہ میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافے اور ان کو مواقع دینے کے لیے کوئی کام نہیں کیا جس طرح دوسری ٹیمیں اپنے علاقوں میں کرتی رہی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ