پاکستان سپر لیگ فائیو کے تمام میچ اس مرتبہ پاکستان کے چار شہروں کراچی، لاہور ، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جا رہے ہیں تاہم پشاور اور کوئٹہ کے حصے میں کوئی میچ نہیں آیا۔
پشاور کے حصے میں اب تک کوئی میچ نہ آنے کی ایک بڑی وجہ یہاں کے تاریخی ارباب نیاز سٹیڈیم پر جاری تعمیراتی کام ہے۔
2006 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سٹیڈیم میں موجود سہولیات پر اعتراض کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کہا تھا کہ وہ یہاں سہولیات کو یقینی بنائے۔
پشاور والے کب پی ایس ایل کے میچ دیکھ سکیں گے؟ اس سوال کے جواب میں خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر کھیل اسفندیار خٹک نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ سٹیڈیم کے منصوبے پر2018 میں کام شروع ہوا تھا اور اس کی تعمیر پر ایک ارب37 کروڑ روپے خرچہ آئے گا۔
‘سٹیڈیم پر کام جاری ہے اور کنسلٹنٹ کے مطابق اسی سال اکتوبر تک تعمیراتی کام مکمل ہو جائے گا اور اگلے پی ایس ایل کے میچ پشاور میں ممکن ہو سکیں گے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انھوں نے بتایا کہ اس میدان پر پہلے انٹرنیشنل ٹیمیں کھیل چکی ہیں تاہم پی سی بی اور آئی سی سی کی کچھ شرائط تھیں جن کو پورا کرنے کے لیے گراؤنڈ کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
اسفندیار نے بتایا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم میں دبئی سٹیڈیم کی طرز پر پویلین بنایا جا رہا ہے جبکہ یہاں پہلے کنکریٹ کی نشستیں تھیں لیکن اب عالمی معیار کی نشستوں کو نصب کیا جائے گا۔
’سٹیڈیم میں جیمنیزیم، سوئمنگ پول، کیفے ٹیریا او ر دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی جو کسی بھی بین الاقوامی معیار کے ایک سٹیڈیم کے لیے ضروری ہوتی ہیں۔’
اس کے علاوہ سٹیڈیم میں پہلے 14 ہزار لوگوں کی گنجائش تھی لیکن تعمیراتی کام کے بعد 35 ہزار تک لوگ بیٹھ سکیں گے اور یہ ملک میں سب سے زیادہ گنجائش والا سٹیڈیم ہوگا۔
اسفندیار نے بتایا کہ پہلے سٹیڈیم میں لائٹس کا بندوبست نہیں تھا جس کی وجہ سے ڈے نائٹ میچز کا انعقاد ممکن نہیں تھا لیکن اب یہاں لائٹس نصب ہوں گی اور قریب ہی کھلاڑیوں کے لیے فور سٹار ہوٹل بھی بنایا جا رہا ہے۔
سٹیڈیم کی تاریخ
ویب سائٹ espncricinfo کے مطابق پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم بننے کے بعد پہلا ایک روزہ کرکٹ میچ دو نومبر، 1984 میں پاکستان اور انڈیا کے مابین ہونا تھا۔ تاہم میچ بھارتی ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے کی وجہ سے نہ ہو سکا کیونکہ میچ سے دو دن قبل بھارت کی اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو قتل کر دیا گیا تھا۔
اسی سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ایک روزہ میچ 2006 میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے سات رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
سٹیڈیم میں پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان اور سری لنکا کے مابین 1995 جبکہ آخری ٹیسٹ میچ 2003 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہوا۔