لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور حکومت کے درمیان کسی قسم کی ڈیل کی افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا نہیں خیال کہ میاں صاحب کی کوئی ڈیل ہو رہی ہے۔
کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کی حکومت کے ساتھ مبینہ ڈیل کی افواہوں سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’میں نے اپنے والد آصف علی زرداری کو جیل میں 11 سال قید کاٹتے دیکھا، ان پر کسی بھی قسم کی فرد جرم سامنے نہیں آئی، انہی عدالتوں کے سامنے ان کا ٹرائل ہوا اور وہ باعزت بری ہوئے۔ ان 11 سالوں میں کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں تھا جب یہ خبریں نہ آئی ہوں کہ ہم مشرف کے ساتھ ڈیل کر رہے ہیں۔‘
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ کوئی ڈیل ہو رہی ہے، میاں صاحب اور مسلم لیگ ن اپنے اصولوں پر قائم ہیں۔‘
میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک عام قیدی کے ساتھ بھی ناانصافی نہیں ہونی چاہیے جبکہ یہاں تو تین مرتبہ ملک کا وزیراعظم رہنے والا کوٹ لکھپت جیل میں قید کاٹ رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ’میاں صاحب کافی بیمار لگ رہے تھے، ان کی حالت دیکھ کر مجھے بہت افسوس ہوا۔ دل کے مریض کو دباؤ میں رکھنا تشدد کے مترداف ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی ایک طویل تاریخ ہے، لیکن جہاں صحت اور انسانیت کی بات ہو تو ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ میاں صاحب کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور وزیراعظم اور ان کی حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس حوالے سے سوچے۔
نواز شریف سے ملاقات کو اپنے لیے ایک ’تاریخی دن‘ قرار دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’میں کسی اتحاد یا سیاسی بات کے لیے نہیں آیا تھا، صرف میاں صاحب کی صحت پوچھنے کے لیے آیا تھا، تاہم ان سے سیاسی امور اور ملکی معاملات پر ہلکی پھلکی بات ہوئی۔‘
میثاق جمہوریت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی والدہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف نے 2006 میں اس پر دستخط کیے تھے، لیکن ’یہ پپیلز پارٹی اور ن لیگ کی ناکامی ہے کہ ہم نے میثاق جمہوریت پر پوری طرح سے عمل نہیں کیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان پپیلز پارٹی یہ سوچ رکھتی ہے کہ میثاق جمہوریت کے بنیادی اصولوں پر دوبارہ سے کام کرنا چاہیے۔‘
مریم نواز شریف کا ردعمل
بلاول بھٹو کی طرف سے نواز شریف کی تیمارداری پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز شریف نے ٹویٹ کے ذریعے بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بلاول کی 'فکرمندانہ سوچ قابل قدر ہے۔'