کراچی میں سکیورٹی اداروں نے مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے کام کرنے والے کراچی پولیس کے ایک اے ایس آئی کو گرفتار کرلیا۔
حساس اداروں اور سندھ پولیس کے خصوصی تفتیشی یونٹ نے اتوار کی رات گلستان جوہر میں کارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی شہزاد پرویز کو گرفتار کیا، جو شاہراہ فیصل تھانے میں تعینات تھے۔
شہزاد گلستانِ جوہر کے رہائشی ہیں اور پولیس نے ان کے قبضے سے دو دستی بم برآمد ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’شہزاد پرویز دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ ملزم کو محمود صدیقی گروپ بھاری رقم فراہم کرتا تھا اوروہ ٹارگٹ کلرز کی ٹیم کے اہم رکن بھی ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’گرفتار ملزم ایم کیوایم ۔لندن سے وابستہ ہیں۔ ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔‘
اس سے قبل19 مارچ کو کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر سے ایک اور بڑی کارروائی میں مبینہ طو ر پربھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے کام کرنے والے ایک گروہ کو پکڑا گیا تھا۔
اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ پولیس نے انٹیلی جنس ایجنسی کی مدد سے 'را کے دہشت گرد ونگ کے سربراہ شاہد عرف متحدہ کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے اسلحہ اور بارود برآمد کر کیا ہے۔ '
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ' مذکورہ دہشت گرد وںکا تعلق بھی ایم کیو ایم۔ لندن سے تھا اور وہ یہاں کی انٹیلی جنس معلومات بھارت میں محمود صدیقی کو دیتے تھے۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ' را کے کراچی چیپٹر کےدہشت گرد ونگ کی کافی عرصے سے نگرانی جاری تھی، یہ گروپ دہشت گردی کے لیے اسلحہ بھی فراہم کرتا تھا۔'
حال ہی میں گرفتار ملزم شہزاد پرویز کی طرح یہ ملزم بھی سرکاری ملازم تھے۔ ایک واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں گریڈ 17 کا ملازم تھا، دوسرا ملزم کے ایم سی جبکہ تیسرا کراچی یونیورسٹی میں ملازم تھا۔
ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے مزید کہا تھا کہ ملزم کوحوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم بھارت سے ملتی تھی۔ ان کرپٹڈ ای میل کے ذریعے ملزم کو رقم کس کو پہنچانی ہے بتایا جاتا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان ملزمان کے سلیپر سیلزکی صورت میں دیگر ساتھی بھی ہیں جو پڑھےلکھے اور را سے تربیت یافتہ ہیں۔