14 مارچ کو دنیا بھر میں پائی کا دن منایا گیا، کھانے والی پائی نہیں بلکہ ریاضی والی۔
بہت سے لوگوں کو شاید حیرت ہو کہ آخر ریاضی کی کسی چیز کا دن منانے کی کیا تک بنتی ہے۔ لیکن پائی کی چند ایسی خصوصیات ہیں جو بےحد دلچسپ اور عجیب و غریب ہیں اور انہوں نے صدیوں سے ریاضی دانوں کو حیرت میں مبتلا کیے رکھا ہے۔ اسے دنیا کا مشہور ترین ہندسہ کہا جاتا ہے۔ اس پر کہانیاں اور ناول لکھے گئے ہیں، گیت گائے گئے ہیں، حتیٰ کہ فلمیں تک بن چکی ہیں۔
لیکن کیوں؟ پائی میں ایسی کیا خاص بات ہے؟
پائی ہے کیا؟
جب آپ کسی دائرے کے قطر کو اس کے محیط پر تقسیم کرتے ہیں تو جو رقم حاصل ہوتی ہے اسے پائی کہا جاتا ہے جسے علامت π سے ظاہر کیا جاتاہے۔
یہ رقم کسی دائرے کا رقبہ معلوم کرنے کے لیے لازمی ہے۔ اسی طرح اگر آپ کو کسی دائرے کا قطر معلوم ہے تو پائی کے ساتھ ملا کر اس کا محیط آسانی سے معلوم کیا جا سکتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ دائرہ چاہے ایٹم کا ہو، آپ کے کچن کی پلیٹ ہو، یا زمین اور پھر کہکشاں جتنا بڑا، ہر صورت میں پائی کی رقم وہی کی وہی رہے گی۔
اسی وجہ سے پائی کو کائنات کی بنیادی خصوصیات میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے، کیوں دائرہ کائنات کی بنیادی شکل ہے۔ ایٹم، زمین، سورج، چاند، ستارے، نظامِ شمسی، کہکشائیں، حتیٰ کہ خود کائنات تک دائروی شکل کی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ پائی ہر جگہ موجود ہے۔
پائی کی رقم کیا ہے؟
پائی کی اصل رقم معلوم کرنے کی کوششیں ہزاروں سال سے ہو رہی ہیں۔ قدیم یونانی ماہرین سے لے کر ہندوستانی ،چینی اور عرب ریاضی دانوں سے لے کر آئزک نیوٹن تک سبھی نے پائی کی اصل رقم معلوم کرنے پر مغز کھپایا ہے۔ حالیہ دور میں طاقتور ترین سپر کمپیوٹر استعمال کر کے پائی کے سرے تک پہنچنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن ایسی ہر کوشش ناکامی سے دوچار ہوئی ہے۔
پائی کیسے معلوم کریں؟
پائی کی رقم آپ خود بھی معلوم کر سکتے ہیں۔ کوئی بھی گول چیز لے کر اس کا محیط معلوم کریں، اور اسے قطر سے تقسیم کر دیں۔ اگر آپ نے بہت اچھے طریقے سے پیمائش کی ہے تو آپ کو 3.14 کی رقم حاصل ہو جائے گی
پائی کی کوئی حد بھی ہے یا نہیں؟
لیکن یہ رقم صرف ایک حد تک درست ہو گی، کیوں کہ بات صرف 3.14پر نہیں رکتی، بلکہ یہ رقم آگے اور آگے چلتی رہتی ہے، کچھ ایسے: 3.1415926535 8979323846 2643383279 5028841971 6939937510 5820974944 5923078164 0628620899 8628034825 3421170679 ...
یہ پہلے سو ہندسے ہیں۔ آخر میں تین نقطوں سے مراد یہ ہے کہ یہ سلسلہ لامتناہی حد تک چلتا رہتا ہے، اور اس دوران جو ہندسے سامنے آتے ہیں ان میں کسی قسم کا نظم اور ترتیب پائی نہیں جاتی۔ اگر آپ نے پائی کے پہلے دس لاکھ ہندسے دیکھنے ہوں تو یہاں کلک کریں۔ لیکن یاد رکھیں کہ یہ عظیم الجثہ رقم بھی پائی کے سمندر کے ایک قطرے سے بھی کم ہے۔
حال ہی میں گوگل نے پائی کے 3.14 ٹریلین (31.4 کھرب) ہندسے معلوم کر کے ریکارڈ قائم کیا ہے۔
یومِ پائی 14 مارچ کو کیوں منایا جاتا ہے؟
اس لیے کہ 14 مارچ کو ہندسوں میں لکھیں تو 3.14 بنتا ہے۔ بلکہ آپ اگر ریاضی کے زیادہ دلدادہ واقع ہوئے ہیں تو یہ دن 14 مارچ کو ایک بج کر 59 منٹ 26 سیکنڈ پر منا سکتے ہیں کیوں کہ اس طرح آپ کو 3.1415926 کی رقم حاصل ہو جائے گی جو پائی کے پہلے سات ہندسے ہیں۔
یومِ پائی کی دیگر کیا خصوصیات ہیں؟
حیرت انگیز طور پر 14 مارچ تاریخ کے عظیم ریاضی دان سر آئزک نیوٹن کا یومِ پیدائش ہے۔ عجیب اتفاق ہے کہ اسی دن نیوٹن کے جانشین سٹیون ہاکنگ کا انتقال ہوا تھا۔