پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے لیجنڈری وسیم اکرم اور بابر اعظم کے آن لائن سیشنز کا اہتمام کیا ہے۔
ان سیشنز کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کو اعلیٰ پائے کے کرکٹرز سے کھیل کے گُر سیکھانا اورکووڈ۔ 19 لاک ڈاؤن کے دوران ان کی توجہ کھیل پر برقرار رکھنے میں مدد دینا ہے۔
35 خواتین کرکٹرز پر مشتمل ان سیشنز کا انعقاد ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے کیا جائے گا، جس میں قومی خواتین کرکٹرز کو مختلف حالات میں جامع حکمت عملی اپنانے سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔
آئی سی سی ہال آف فیم کے رکن اور پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولر وسیم اکرم، خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو اپنے 18 سالہ طویل عالمی کرکٹ کیریئر سے حاصل ہونے والے تجربات سے آگاہ کریں گے۔ یہ سیشن کل (پیر) کو منعقد ہوگا۔
وسیم اکرم گذشتہ ہفتے مرد کرکٹرز کے ساتھ بھی ایسے ہی ایک سیشن میں شرکت کرچکے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں پہلے، ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے اور ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے پانچویں بہترین بلے باز بابراعظم بھی خواتین کرکٹرز کو مختلف کنڈیشنز اور حالات میں بلے بازی سے متعلق گُر بتائیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ وہ وسیم اکرم کی ویڈیوز دیکھ دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں اور بخوبی جانتی ہیں کہ وسیم نے اپنی عمدہ باؤلنگ اور بیٹنگ سے پاکستان کو کئی میچوں میں کامیابی دلائی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے عظیم کرکٹر سے کھیل کے بارے میں جاننے کا یہ بہترین موقع ہے اور وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی۔ عالیہ ریاض نے کہا کہ آن لائن سیشن ان کے لیے یہ جاننے کا نادر موقع ہوگا کہ وسیم اکرم کیسے دوسروں سےمنفرد کھلاڑی بنے۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بلے باز عمیمہ سہیل کا کہنا ہے کہ بابر ایک اعلیٰ بلے باز ہیں جن کی آن لائن ٹپس سے انہیں اپنی بیٹنگ صلاحیتوں میں نکھار لانے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بابر سے مشکل صورت حال میں اننگز کا پراعتماد آغاز اور پھر اسے لمبی اننگز میں تبدیل کرنے کا فن سیکھنا چاہیں گی۔ ’یقین ہے کہ یہ سیشن اس حوالے سے مؤثر ثابت ہوگا۔‘
چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ کرکٹ کی سرگرمیوں کے تعطل کے دوران کرکٹرز کی توجہ کھیل پر مرکوز رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیشنز قومی خواتین کرکٹرز کے لیے کھیل میں نکھار لانے کا بہترین موقع ہے۔
عروج نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کو مصروف رکھنے کے لیے مختلف آئیڈیاز پر غور کر رہے ہیں۔ 'تمام خواتین کرکٹرز منیجمنٹ اور بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور وہ اس دوران اپنے آپ کواس انداز میں تیار کر رہی ہیں کہ جیسے ہی لاک ڈاؤن ختم ہو تو وہ کھیل کے لیے تیار ہوں۔'
چیف سلیکٹر نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹرز فراہم کردہ پلانز کے مطابق اپنی فٹنس پر کام کر رہی ہیں۔ 'ہمارے ملک نے کئی عظیم کرکٹرز پیدا کیے ہیں اور ہم کھلاڑیوں کے آن لائن لیکچرز کے لیے ان کی دستیابی کو پیش نظر رکھ کر انہیں دعوت دیتے رہیں گے۔'